پرنٹ میڈیا کے مطالبات مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر کو پیش کرینگے، ولی نورزئی

بلوچستان حکومت کی جانب سے اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے سے واحد صنعت بندش کا شکار ہو جائے گی،مرتضیٰ ترین

0 132

مسلم لیگ (ن) میڈیا کی ترقی کی خواہاں رہی ہے، اخبارات و جرائد کی خدمات کسی بھی صوبے کیلئے اہمیت رکھتی ہیں،ولی نورزئی

کوئٹہ ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ ترین اور ملک بشیر احمد شاہوانی کی مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی حاجی ولی نورزئی سے ملاقات۔ ملاقات کا مقصد مسلم لیگ (ن) کے رکن حاجی ولی نورزئی کو حکومت کی جانب سے اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے اور اخباری صنعت کو درپیش دیگر مسائل سے آگاہ کرنا تھا۔

ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ ترین نے رکن صوبائی اسمبلی حاجی ولی نورزئی کو بتایا کہ بلوچستان میں واحد اخباری صنعت ہی ہے جو ہزاروں لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کا مثبت چہرہ بھی عوام کے سامنے پیش کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی ہے۔ کسی بھی صوبے یا علاقائی مسائل کو اجاگر کرنے میں وہاں کے ریجنل میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے لیکن بلوچستان حکومت کی جانب سے اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے سے صوبے کی واحد صنعت بندش کا شکار ہو جائے گی جبکہ صوبہ بلوچستان کے پرنٹ میڈیا کا اشتہاراتی بجٹ بھی دیگر صوبوں کی نسبت انتہائی کم ہے۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حاجی ولی نورزئی کا کہنا تھا کہ اخبارات و جرائد کی خدمات کسی بھی صوبے کیلئے اہمیت رکھتی ہیں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میڈیا کی آزادی اور اسکی ترقی کی خواہاں رہی ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے مطالبات کو مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر کے سامنے پیش کریں گے اور مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔دوسری جانب ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا علامتی احتجاجی کیمپ پریس کلب کے سامنے جاری رہا جہاں اخبارات جرائد اور اخبار مارکیٹ کے نمائندگان شریک تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.