روزہ خواہشات نفس پر قابو پانے کا بہترین ذریعہ ہے
کوئٹہ (امروز نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ روزہ خواہشات نفس پر قابو پانے کا بہترین ذریعہ ہے اللہ تعالیٰ کو محض اہل ایمان کو بھوکا اور پیاسا رکھنا ہی مطلوب نہیں بلکہ روزہ اس چیز کا نام ہے کہ ہر چیز سے توجہ ختم کر کے کامل طور پر اللہ کی طرف ہی متوجہ ہو جائیں زبان، کان اوردل ودماغ سے شعور کیساتھ روزہ کی حفاظت کی جائے۔رمضان المبارک کی برکات وخوشیوں کو مہنگائی نے چھین لیا ہے ۔غرباءومساکین کیلئے مہنگائی نے بہت پریشانی پیدا کی ہے انہوں نے مزید کہا کہ روزہ کی کیفیت میں انسان بھوک اور پیاس کی تکلیف برداشت کر کے اپنی خواہشات پر قابو پانے اور اللہ کے احکامات کا پابند بنانے کی کوشش کرتاہے ۔یہ تربیت اسی لیے تو ہے کہ انسان صبر واستقامت کے ساتھ آگے بڑھ سکے اور اس راستہ میں درپیش تکالیف و مصائب کا پامردی کے ساتھ مقابلہ کر سکے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک آنے والے گیارہ مہینوں میں شیطانی، اسلام دشمنی، سیکولر، لبرل، مادہ پرست قوتوںاورنظام و ماحول کے مقابلہ کے لیے قوت و طاقت کا باعث بنتا ہے۔ روزے کی حیثیت ڈھال کی ہوتی ہے جس طرح ڈھال کے ذریعے آدمی دشمن کے وار سے اپنے آپ کو بچاتا ہے اسی طرح روزہ شیطان اور نفس کے حملوں سے بچنے کے لیے ڈھال ہے۔ روزے کے آداب کا آدمی لحاظ رکھے تو وہ روزے کی وجہ سے بہت سے گناہوں سے محفوظ ہوسکتا ہے اور آخرت میں آتش دوزخ سے نجات پاسکتا ہے عمران خان حکومت اپنے غلط اور غرور پر مبنی احمقانہ فیصلوں سے قومی سلامتی کو خطرات میں ڈال رہی ہے اوردہشتگردی کے خلاف دی جانے والی قربانیوں ، پاک چین اقتصادی راہداری سے قومی معیشت کے لیے بہتر امکانات کو ضائع کر رہی ہے ۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ قومی ترجیحات اور عوامی مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کی ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کم از کم ایجنڈا پر اتفاق ہو بھی جائے لیکن جماعت اسلامی مہنگائی ، بے روزگاری ، کرپشن کے خاتمہ اور آئین و جمہوریت کی حفاظت کے لیے اپنا قومی کردار ادا کرے گی کرپشن سے پاک نیک نام پارٹی جماعت ہی ہے اور جماعت اسلامی ہی قوم کو مسائل ومشکلات اور پریشانیوں سے نجات دلاسکتی ہے ۔