جامعہ بلوچستان اور(UNDP) کے زیر اہتمام ایک روزہ سیمینار اور گورنمنٹ اینوویشن لیب کی افتتاحی تقریب جامعہ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا
کوئٹہ (امروز نیوز)جامعہ بلوچستان اور یونائیٹڈنیشن ڈویلپمنٹ پروگرام(UNDP) کے زیر اہتمام ایک روزہ سیمینار اور گورنمنٹ اینوویشن لیب کی افتتاحی تقریب جامعہ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر خزانہ ظہور احمد بلیدی جبکہ اعزازی مہمانان میں جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال اور یو این ڈی پی کے اگناسیو ارتضاءتھے۔ جس میں رکن صوبائی اسمبلی، صوبائی سیکریٹریز، ڈین فیکلٹیز، اساتذہ اور طلباءو طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مہمان خصوصی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ، جامعہ بلوچستان اور یواین ڈی پی کے مشترکہ تعلیمی، تربیتی سرگرمیوں اور جدید لیب کی افتتاح اور باہمی سمجھوتوں کے مستقبل میں دور رس نتائج برآمد ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان ملک کا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے جو اپنے محل وقوع اور قدرتی معدنیا ت کے حوالے سے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ جو اپنے آثار قدیمہ کے حوالے سے پوری دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔موجودہ حکومت صوبے کی ترقی اور مستقبل کے پروگرامز اور ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مختلف اقدامات کررہی ہے ۔ خاص کر تعلیمی معیار کی بہتری اور تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے ، کارآمد انسانی وسائل اور مختلف شعبہ جات میں بہتر گورننس کو ترجعی بنیادوں پر پروان چڑھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ سی پیک کو صوبے کے ترقی کے لئے بروکار لانے ، ڈیمز کی تعمیر سمیت صوبے کے جامعات کے ساتھ تعلیمی معیار کی بہتری کے لئے مشترکہ طور پر منصوبوں کو ترتیب دیا جارہا ہے۔تقریب سے جامعہ کے وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مختلف اداروں کے ساتھ باہمی سمجھوتوں اور جدید لیب صوبے کے طلبہ اور تعلیمی ، تحقیقی سرگرمیوں کی فروغ کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان ایک مادر علمی درسگاہ ہے۔ جو کئی دہائیوں سے صوبے میں اعلیٰ تعلیمی کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ جس کے تعلقات ملکی اور بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ استوار ہیں۔بعدازاں جامعہ بلوچستان نے دو اداروں کے ساتھ باہمی سمجھوتوں کے یادداشت پر بھی دستخط کئے۔ جس میں یو این ڈی پی اور آئی بی اے کراچی جو مشترکہ طور پر تعلیمی ، تحقیقی، تربیتی سرگرمیوں سمیت طلباءو طالبات کی رہنمائی ، روزگار کے حصول اور تعاون و اشتراک کے لئے کام کریں گے ۔ مہمانوں نے جامعہ بلوچستان کے مین لائبریری کا بھی دورہ کیا اور انووویشن لیب کا بھی افتتاح بھی کیا ۔ جس میں عنقریب سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا۔