میوزک فلم کی کامیابی میں کردار ادا کرتا ہے ، صفدر ماہی

0 134

خالق نگر(امروز نیوز)معروف فوک گلوکارواداکارصفدرماہی نے کہا ہے کہ فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں کا تاریخی جائزہ لیا جائے توپتہ چلتا ہے کہ ان تمام شعبوں کوہمیشہ ہی لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ فنون لطیفہ واحد شعبہ تھا جس میں موسیقی، رقص، شاعری اورکہانی کے ذریعے باصلاحیت فنکار عام لوگوں تک وہ پیغام آسانی سے پہنچا دیتے تھے جس سے ان کی زندگی کی بہت سی مشکلات دورہوجاتیں۔ ایسے موضوعات کا انتخاب کیا جاتا تھا جن کودیکھتے ہوئے جہاں لوگ محظوظ ہوتے تھے تووہیں اپنی غلطیوں کوسدھارنے کا سبق بھی سیکھ لیتے۔ اس لیے یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ فنون لطیفہ کے تمام شعبے درسگاہ کی حیثیت رکھتے تھے۔صفدرماہی نے کہا کہ ان شعبوں سے وابستہ لوگ علم وادب اور فن سے خوب آشنا تھے۔ یہی وجہ ہے کہ مذہبی اورموسمی تہواروں پرجب بھی کسی مقام پر میلہ لگتا تولوگوں کی کثیر تعداد فنون لطیفہ کے مختلف شعبوںسے خوب لطف اندوزہوتی۔انہوں نے کہا کہ جب برصغیرمیں جدید ٹیکنالوجی کی آمد ہوئی تو یہاں فلم، تھیٹرا ورریڈیو کے ذریعے فنون لطیفہ کے فروغ کا سلسلہ پروان چڑھنے لگا۔ لوگوںکی توجہ بڑھنے لگی تومغرب کی ایک اور ایجاد ٹی وی سیٹ کی شکل میں گھروں تک پہنچ گئی۔ لوگوںکو تفریح کے لیے باہرجانے کے بجائے گھرمیں ہی ڈرامے، پروگرام دیکھنے کا موقع ملنے لگا لیکن اس کے باوجود فلم اورسینما گھروںکی اہمیت میں کسی قسم کی کمی واقع نہیں ہوئی۔صفدرماہی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور بیرون ممالک سے تعلق رکھنے والے ٹیکنیشنز کی مدد سے پاکستانی فلموں کے معیارمیں حیرت انگیز تبدیلی آنے لگی، صفدرماہی نے کہا کہ بلاشبہ فلموں کا میوزک کسی بھی فلم کی کامیابی میں اہم کردارادا کرتا ہے لیکن اب گزشتہ چند برسوں سے فلم میکرزاورمیوزک ڈائریکٹرآئٹم سانگ پرزیادہ توجہ دے رہے ہیں جس کا مقصد معاشرے میں سدھار لانا یا لوگوں کو تفریح فراہم کرنا نہیں، بلکہ صرف اور صرف پیسہ کمانا ہے مگروہ یہ بات بھول چکے ہیں کہ اس سے معاشرے میں کبھی سدھار نہیں آسکتا ابھی بھی وقت ہے اور اس کو سدھارا جائے، وگرنہ نتائج بہت خراب ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.