ہائیکورٹ نے وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے درخواست پر فوری لارجر بنچ بنانے کی استدعا مسترد کر دی
لاہور(ا ین این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے درخواست پر فوری لارجر بنچ بنانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ جب مرکزی درخواست پر سماعت کریں گے اس وقت دیکھیں گے۔ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے اے کے ڈوگر کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف کے دور حکومت میں عمران خان نے سول نافرمانی کے لیے لوگوں کو اکسایا ہے، عمران خان نے عوام کو ٹیکس نہ دینے اور بیرون ملک سے رقوم نہ بھیجنے پر اکسایا۔عمران خان نے حامیوں سمیت پارلیمنٹ کی بلڈنگ پر دھاوا بولا اور اور گیٹ توڑے، عمران خان نے ملکی سالمیت کے خلاف اقدامات کیے ہیں۔درخواست میں عمران خان کی نااہلی کی درخواست پر فوری لارجر بنچ بنانے اور کیس کی جلد سماعت کی بھی استدعا کی گئی۔ تاہم فاضل عدالت نے فوری لارجر بنچ بنانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب مرکزی درخواست پر سماعت کریں گے اس وقت دیکھیں گے۔