محکمہ ریلوے کے تحت بلوچستان کے ریلوے اسٹیشنوں پر بھی کلین گرین خوش اخلاقی مہم شروع ہو گئی

0 118

کوئٹہ(این این آئی) محکمہ ریلوے کے تحت بلوچستان کے ریلوے اسٹیشنوں پر بھی کلین گرین خوش اخلاقی مہم شروع ہو گئی،مسافر کہتے ہیں کہ وفاقی حکومت ایسی مہم کے ساتھ بلوچستان کی بند ٹرینوں کو چلانے اور ٹرینوں کی تعداد میں اضافے پر بھی توجہ دے۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر کوئٹہ سمیت اندرون صوبہ مچھ سبی سمیت تمام چھوٹے بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر کلین گرین اور خوش اخلاقی مہم شروع ہو گئی۔ڈی ایس ریلوے واصف مغل کیمطابق مہم کیدوران ریلوے اسٹیشن اور ٹرینوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ ریلوے کے عملے کو یونیفارم میں ڈیوٹیاں سر انجام دینے سمیت مسافروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایات دی گئی ہیں جبکہ ٹرینوں میں پانی لائٹنگ اور اے سی کے استعمال پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔مہم کے دوران سرپرائز وزٹ بھی کئے جائیں گے اگر ریلوے کا کوئی اہلکار غفلت کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی،تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کلین گرین،خوش اخلاقی مہم کے ساتھ ساتھ بند ٹرینوں کو بھی چلائے اور بلوچستان سے ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ بھی کرے تاکہ ان کی سفری مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ کلین گرین،خوش اخلاقی مہم ایک ماہ تک جاری رہے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.