_تعلیمی فروغ کیلئے اقدامات کررہے ہیں یار محمد رند
کوئٹہ (امروز نیوز)
صوبائی وزیر ثانوی تعلیم ہائیر و ٹیکنیکل ایجوکیشن سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ کالجوں کے سربراہان محنت، لگن اور اخلاص کو اپنا شعار بنائیں۔ کالج کی سربراہی نہایت اہم عہدہ ہے اداروں کے سربراہان اپنے فرائض کی بجاآوری میں مزید بہتری لاتے ہوئے صوبے میں شرح خواندگی میں اضافے کیلئے اپنا قائدانہ کردار ادا کریں۔ تعلیمی ڈھانچے میں اداروں کے سربراہان کو تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔کالجوں میں متعلقہ مضامین کے اساتذہ کی تعیناتی کو یقینی بنائی جائے گی۔ غیر متعلقہ مضامین اور خلاف قانون تبادلوں پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ تدریسی اداروں میں طلباء کی تعداد اور اختیار کردہ مضامین کیلئے اساتذہ فراہم کیے جائیں گے۔ برسوں سے دوسرے محکموں میں اصولوں کے برخلاف کام کرنے والے اساتذہ کو واپس بلایا جائے گا۔ سروس سٹرکچر میں بہتری کیلئے سیکرٹری کالجز اور محکمے کے اعلیٰ حکام کام کررہے ہیں۔جس کے نتائج بہت جلد عوام کو محسوس ہوں گے۔