نوجوانوں کو ترقی دینا اولین ترجیح ہے، لشکری رئیسانی
کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان پیس فورم کے سربراہ وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہاہے کہ بلوچستان کے لوگ زیادہ سے زیادہ کتاب کی طرف متوجہ ہوکرصوبے کو درپیش بحرانوں سے نجات دلائیں۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو پڑو کچاری ، وائی سی ایس ایف اور آن لائن نشست کی جانب سے سریاب روڈ پر لگائے گئے ایک روزہ کتب میلہ کے دورہ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد ، لالا ظاہر خان دومڑ ، قاضی یاسر ، شعیب رئیسانی و دیگر بھی موجود تھے ،نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ نئے سال کا آغاز سریاب کے نوجوانوں نے علم و ادب ،
تہذیب اور کتب بینی سے کیا ان کا یہ قدم انتہائی حوصلہ افزاءہے میں اور میرے ساتھی بھی نوجوانوں کی اس جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالنے یہاں آئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بلوچستان پیس فورم کے پلیٹ فارم سے صوبے میں جاری کتاب دوست تحریک کے تحت اب تک بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں اور لائبریریوںکو پچاس ہزار کتابیں عطیہ کی گئی ہیں یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رئیگا ، انہوں نے کہا کہ ہمارے سماج میں جاری نفسیاتی جنگ کے ذریعے لوگوں کی توجہ علم و ادب سے ہٹانے کی ہرممکن کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ بلوچستان کے نظریاتی طبقے پر مفاد پرستوں کی حکمرانی ہو اور صوبے کے لوگ اپنی قومی حیثیت کو فراموش کرکے بے مقصد ہجوم بنے رہیں
،انہوں نے کہاکہ ماضی میں اگر بلوچستان کے لوگ کتاب کی طرف توجہ دیتے تو یہاں کے قدرتی وسائل لوٹ مار کا شکارنہ ہوتے بلکہ صوبے کے پاس بین الاقوامی معیار کے معدنی ذخائر ریکوڈک ، سیندک اور گوادر کو خود چلانے کی صلاحیت اور لوگ موجود ہوتے ،اہم خطے بلوچستان کے لوگوں کو بھی علم کے ذریعے اہم ہونا پڑیگا ، کتاب دو نکتہ نظر سماج کے درمیان ڈائیلاگ اور علم و ادب کے تبادلے کا ذریعہ ہے ، اس موقع پر کتاب میلہ کے منتظم سعید نور نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ علم دوست شخصیت و سینئر سیاستدان نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی اور ان کے ساتھیوں کی آمد سے حوصلہ ملا ہے ،
نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی بلوچستان میں کتاب دوست کلچر کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ، ان کی جانب سے مختلف تعلیمی اداروں اور لائبریر یوں کوکتابیں عطیہ کرنے سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک میں کتاب سے محبت کرنے والوں کو حوصلہ ملا ہے۔