بلوچستان حکومت رواں مالی سال میں 995 جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے رقم فراہم نہیں کرسکے گی
(امروز نیوز)
کورونا وائرس کی وجہ سے اضافی اخراجات اور آمدنی میں کمی کے باعث بلوچستان حکومت رواں مالی سال کے دوران 995 جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے رقم فراہم نہیں کرسکے گی بلکہ ان کے لیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں رقم مختص کی جائے گی۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کو بتائی گئی
۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل 2448 منصوبوں میں سے 1453 منصوبے رواں مالی سال میں مکمل کر لیے جائیں گے جبکہ 995 جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے آئندہ مالی سال میں فنڈز مختص کیے جائیں گے۔
حکومتِ بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ اب تک حکومت نے 6 ارب روپے کورونا بجٹ کے لیے جاری کیے ہیں جن میں صحت کی سہولیات کی اضافی فراہمی کے علاوہ لوگوں کو راشن بھی فراہم کیا گیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ’مالی مشکلات درپیش ہیں، بلوچستان کی ریونیو جنریشن میں بھی کمی آئی ہے اور اس سال کورونا کی وجہ سے حکومت بلوچستان نے بعض شعبوں میں ٹیکسوں میں بھی چھوٹ دی ہے۔ اس وجہ سے اب تک ڈھائی ارب روپے کم جمع ہوئے ہیں۔