جمعیت علمائے ہند کے صدر مولانا محمود مدنی سال کی بہترین شخصیت قرار
اردن کی رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی فہرست کے مطابق جمعیت علمائے ہند کے صدر مولانا محمود مدنی سال کی بہترین شخصیت قرار پائے ہیں۔
اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر نے دنیا کے پانچ سو بااثر ترین مسلمان شخصیات کی فہرست جاری کردی ہے، جس کے مطابق ’مین آف دا ائیر‘ جمعیت علمائے ہند کے صدر مولانا محمود مدنی ہیں۔
وومن آف دا ائیر کا اعزازامریکی عالمہ عائشہ عبدالرحمٰن بیولی کو ملا ہے، جنھوں نے قرآن پاک کی تفسیر، احادیث، اسلامی قوانین، صوفی ازم پر کئی کتابیں تحریر کیں۔
دنیا کی 500 افراد کی فہرست میں پہلے نمبر پر سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز ہیں، دوسرے نمبر پرایران کے رہبرِ اعلیٰ سید علی خامنہ ای ہیں۔
فہرست میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی تیسرے نمبر پر، ترکی کے صدررجب طیب اردوغان چوتھے جب کہ اردن کے شاہ عبداللہ ابن الحسین پانچویں نمبر پر ہیں۔
بااثر شخصیات کی فہرست میں پاکستانی فوج کے سپہ سالار جنرل قمرجاوید باجوہ بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ تین ادوار کے وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد نوازشریف، موجودہ وزیراعظم اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، چئیرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان بھی پانچ سو بااثرافراد میں شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے جسٹس تقی عثمانی، مولانا طارق جمیل، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، ڈاکٹر ادیب رضوی، ملالہ یوسفزئی، عابدہ پروین، شرمین چنائے سمیت 29 شخصیات کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔