عوام کے حقوق کیلئے نہ پہلے کبھی مصلحت کاشکار ہوئے نہ آنے والے وقت میں ہونگے،نواب ثناء اللہ زہری
کوئٹہ (امروز ویب ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف ا ٓف جھالاوان نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کے حقوق کیلئے نہ پہلے کبھی مصلحت کاشکار ہوئے نہ آنے والے وقت میں ہونگے بلوچستان کی ترقی وخوشحالی اور عوام کی طرز زندگی کی بہتری ہماری سیاست کا محور ہے جھوٹے وعدے اور عوام کو سنہرے خواب دکھانے والوں سے راہیں جدا کر لی ہیں اہل بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا پی ڈی ایم کی بے ساکھیاں ٹوٹ چکی ہیں جلسوں اور لمبی تقریروں سے عوام کو گمراہ کرنے والوں کی سیاسی ساکھ کا انتقال ہوچکا ہے
ان خیالات کااظہار انہوں نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی سیاست کو عوام کی خدمت بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی سے منسلک کر رکھا ہے روز اول سے ہماری سیاست کا محور عوامی مفادات کی تکمیل ہے اور اس کیلئے ہی ہماری سیاستی جمہوری جدوجہد جاری رہی اور آج بھی ہم عوامی مفادات کے یک نکاتی ایجنڈے پر عمل پیرا رہتے ہوئے ان لوگوں کےخلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہورہے ہیں جنہوں نے اپنے مفادات کی تکمیل کیلئے اہل بلوچستان کے ساتھ جھوٹ اور فریب کا سہارا لیتے ہوئے دروغ گوہی سے کام لیا مگر ہم یہ سمجھتے ہیں
کہ بلوچستان کے عوام کی امیدیں ہم سے وابستہ ہیں یہی وجہ تھی کہ ہم نے اس ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ان لوگوں سے اپنی راہیں جدا کی جو بلوچستان کے عوام کو محض اپنے فائدے کی تسکین کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کررہے تھے اور ان قوتوں کو ہم نے یہ پیغام دیا کہ جمہوریت اور سیاست کا لبادہ اوڑ کروہ بلوچستان کے عوام کو مزید بہکا نہیں سکتے ہم ان کی اس منافقانہ سیاست کو تکمیل تک نہیں پہنچنے دینگے انہوں نے کہاکہ اپنے عوام کی خواہشات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم جلد ہی ایک ایسی سیاسی جماعت لیکر آرہے ہیں
جس میں نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک کے دیگر صوبوں سے بھی لوگوں کی بڑی تعداد شامل ہوگی اور ہم سب ملکر بالخصوص بلوچستان اور پاکستان کی ترقی،خوشحالی کی جمہوری جدوجہد کو منزل تک پہنچائیں گے یہ جماعت ان عناصر کیلئے واضح پیغام ہوگی جنہوں نے بلوچستان کو پس پشت ڈالا انہو ںنے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ اہل بلوچستان ان مفاد پر ستوں کا محاسبہ کریں ۔