ہماری فورسز دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، عبدالرحمان کھیتران
کوئٹہ (امروز نیوز)صوبائی وزیر خوراک سردارعبدالرحمان کھیتران نے کہا ہے کہ ہماری فورسز دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔وطن کی بقاءکے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہے۔گزشتہ دنوں ضلع لورالائی میں ایگل فورس پر حملے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور سیکورٹی فورسز مل کر ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کرنے کے لیے کردار ادا کر رہی ہیں۔گزشتہ دنوں لورالائی میں پیش آنے والے واقعے میں بھی ہمارے سیکیو رٹی کے جوانوں نے جانوں پر کھیلتے ہوئے ملک دُشمنوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ ان کو کسی صورت دہشتگردی کرنے کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ایسے واقعات سے فورسز کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی دین و مذ ہب نہیں ہوتا جبکہ دہشت گردوں کا توانسانیت سے ہی کوئی تعلق نہیں ہوتا۔انہوں نے لو رالائی واقعے میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکار غلام محمد محمد حسنی کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے اور واقعہ میں زخمی ہونے والوں کوجلدصحت کاملہ عطاکرئے۔