عامر خان نے پارٹیوں میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بتادی
بالی ووڈ سٹار عامر خان کے بارے میں یہ بات ہر کوئی جانتا ہے کہ وہ پارٹیوں میں شرکت نہیں کرتے اور اگر جاتے بھی ہیں تو ایک کونے میں الگ تھلگ کھڑے رہتے ہیں۔
گزشتہ روز بھارت کے معروف ٹی وی شو ‘کافی وِد کرن’میں عامر خان نے اپنی اس عادت کی وجہ بتا دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عامر خان نے بتایا ہے کہ پارٹیوں میں میوزک بہت بلند آواز میں چل رہا ہوتا ہے، جس کی وجہ سے وہاں بات کرنے کے لیے پورا زور لگانا پڑتا ہے، اسی وجہ سے میں پارٹیوں میں شرکت نہیں کرتا یا کسی الگ تھلگ جگہ پر خاموش کھڑا رہتا ہوں۔
کافی وِد کرن کی اس قسط میں عامر خان کے ساتھ کرینہ کپور بھی شریک تھیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پارٹی اگر چھوٹی ہو تو عامر خان اپنے گانوں پر خوب ڈانس کرتے ہیں تاہم اگر پارٹی میں 200لوگ ہوں تو یہ اس کے بالکل الٹ کرتے ہیں۔
اسی شو میں عامر خان نے اپنی دونوں سابق بیویوں سے تعلقات کی وضاحت کی ، انہوں نے کہا کہ میرے دل میں ان دونوں کے لیے بہت عزت اور احترام ہے ہم ہمیشہ خاندان رہیں گے۔
مسٹر پرفیکشنسٹ نے کہا کہ ہم چاہے کتنے ہی مصروف ہوں، لیکن ہم سب ہفتے میں ایک بار ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔ ہم ہمارے درمیان ایک دوسرے کے لئے حقیقی دیکھ بھال، محبت اور احترام کا جذبہ ہے۔