پی ایچ ای میں آئندہ 500 سے زائد اسامیوں پر بھرتیاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر عمل میں لائی جائیں گی،صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران
کوئٹہ صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) بلوچستان، سردار عبدالرحمن کھتیران نے کہا ہے کہ محکمہ پی ایچ ای میں آئندہ 500 سے زائد اسامیوں پر بھرتیاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر عمل میں لائی جائیں گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر اس عمل میں شفافیت یقینی نہ بنا سکا تو وزارت سے مستعفی ہونے میں دیر نہیں لگاؤں گاانہوں نے یہ بات بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے دوران فلور پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہے، اور ان کے مستقبل سے کھلواڑ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ “میرٹ پر سمجھوتہ نہ میرا شیوہ ہے، نہ اصول، اور نہ ضمیر اجازت دیتا ہے۔ اگر حق دار کو اس کا حق نہ دے سکا تو میں اس منصب پر رہنے کا کوئی جواز نہیں سمجھتا صوبائی وزیر سردار کھتیران نے واضح کیا کہ محکمہ پی ایچ ای ایک حساس اور عوامی خدمت سے وابستہ ادارہ ہے، جس کے ذریعے صاف پانی اور نکاسی آب جیسے بنیادی مسائل حل کیے جاتے ہیں۔ ایسے محکمے میں اقربا پروری یا سفارش کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے متعلقہ افسران و اہلکاروں کو خبردار کیا کہ بھرتی کے عمل میں کسی قسم کی بدعنوانی، اقربا پروری یا غیر قانونی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ “یہ میرا وعدہ ہے کہ ہر نوجوان کو اس کی صلاحیت، قابلیت اور محنت کے مطابق موقع فراہم کیا جائے گا،” انہوں نے پْرعزم لہجے میں کہا نے کہا کہ وہ بلوچستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے، تاکہ وہ عزت و وقار کے ساتھ قومی ترقی میں کردار ادا کر سکیں.