بلوچستان ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کی رقوم میں 700 روپے تک کٹوتی کا انکشاف
وندر وندر، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کی رقوم میں 700 روپے تک کٹوتی کا انکشاف تفصیلات کے مطابق وندر میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت مستحق خواتین کو دی جانے والی مالی امداد میں 700 روپے تک کی غیر قانونی کٹوتی کا انکشاف ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مقامی فرنچائز اور کیش پوائنٹس پر تعینات ایجنٹس خواتین سے فی قسط 500 سے 700 روپے تک کی رقم کاٹ کر انہیں کم ادائیگی کر رہے ہیں ۔ متعدد خواتین نے شکایت کی ہے کہ جب وہ اپنی قسط وصول کرنے جاتی ہیں تو ایجنٹس مختلف حیلے بہانوں سے ان کی رقم میں کٹوتی کرتے ہیں ۔ انکار کی صورت میں انہیں دھمکایا جاتا ہے یا ان کی قسط روک دی جاتی ہے ۔ یہ صورتحال نہ صرف مالی استحصال کا باعث بن رہی ہے بلکہ خواتین کو ذہنی اذیت کا بھی سامنا ہے ۔ واضح رہے کہ مستحق خواتین کی سہ ماہی قسط 10,500 روپے سے بڑھا کر 13,500 روپے کر دی گئی ہے ۔ تاہم وندر میں جاری کٹوتیوں کی وجہ سے خواتین کو مکمل رقم حاصل نہیں ہو رہی ۔ علاقائی سماجی تنظیموں اور شہریوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس غیر قانونی کٹوتی کا فوری نوٹس لیں اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ مستحق خواتین کو ان کا حق مکمل طور پر مل سکے ۔