اسلامی ٹچ دینےوالےفنکاروں کواب قانونی ٹچ کی ضرورت ہے،رانا ثنا
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کا کہنا ہے کہ عالمی بنارسی ٹھگ غیر ملکیوں سے غیر قانونی ڈالر لیتے پکڑے گئے ہیں، اسلامی ٹچ دینے والے فنکاروں کو اب قانونی ٹچ کی ضرورت ہے۔
شیخ رشید احمد کے بیان پر وفاقی وزیر اور ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی بنارسی ٹھگ غیر ملکیوں سے غیر قانونی ڈالر لیتے پکڑے گئے ہیں، فارن فنڈنگ کیس سے پتا چلا کہ عمران نیازی کتنا گندا کردار ہے۔
رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کے مجرم 8 سال سے قانونی ٹچ سے بھاگ رہے ہیں، ہر چوری پکڑے جانے پر جھوٹا عمران اینڈ فارن ایجنٹس کمپنی مکاری، فنکاری اور عیاری کرنے لگتے ہیں۔ اسلامی ٹچ دینے والے فنکاروں کو اب قانونی ٹچ کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہدا کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے والے گندے اور گھٹیا کردار ہیں، عمران نیازی نے 8 سال پوری کوشش کی کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہ آئے لیکن اللہ تعالیٰ نے اکبر ایس بابر کو سچا ثابت کر دیا ،اللہ تعالیٰ کا پاکستان پر کرم ہوا اور جعلی صادق اور امین کی اصلیت قوم کے سامنے آگئی۔
شیخ رشید احمد نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ زمینی طاقتیں 15حکمران پارٹیوں کے ساتھ ہیں، سیاستدان اپنے گندے کپڑے میڈیا میں دھو رہے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قرضے کے لیے بھی آرمی چیف کو فون کرنے پڑ رہے ہیں، اگست اہم مہینہ ہے۔