ہماری ہر ممکنہ کوشش ہے غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے ،وزیر اعظم
غریب عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے، ہمیں اپنی ذمہ داری کا مکمل احساس ہے اور ہم اس کو پورا کرنے کے لئے ہر حد تک جائیں گے، اجلاس سے خطاب
اسلام آباد (امروز ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری ہر ممکنہ کوشش ہے غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے ،غریب عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے، ہمیں اپنی ذمہ داری کا مکمل احساس ہے اور ہم اس کو پورا کرنے کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشرے کے مستحق اور غریب افراد کو غذا اور دیگر اشیائے ضروریہ کی خریداری میں حکومت کی جانب سے براہ راست سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس ہوا
جسمیں وزیرِ خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیرِ صنعت محمد حماد اظہر، مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر رضا باقر، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری صاحبان و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے ،وزیرِ اعظم کو مجوزہ احساس فوڈ سٹمپ پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ،معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیر اعظم کو مجوزہ پروگرام کے خدو خال اور طریقہ کار کے حوالے سے بریفنگ دی،
اس پروگرام کے تحت مستحق افراد کو اشیائے ضروریہ کی خریداری میں حکومت کی جانب سے براہ راست سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ براہ راست سبسڈی کی فراہمی سے مستحقین تک حکومتی امداد براہ راست، شفاف طریقے اور فوری طور پر میسر آئے گی،اس پروگرام کا مقصد بالواسطہ سیسڈی کے نظام سے براہ راست مالی معاونت کے طریقہ کار اپنانا ہے،
وزیرِ اعظم کو پروگرام سے استفادہ پانے والے خاندانوں اور افراد کے اعدادو شمار اور ابتدائی تخمینے پیش کیے گئے،وزیرِ اعظم نے مجوزہ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ملکی معاشی حالات کے باعث غریب افراد پر پڑنے والے بوجھ کا مکمل احساس ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہماری ہر ممکنہ کوشش ہے کہ غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ غریب عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے،
ہمیں اپنی ذمہ داری کا مکمل احساس ہے اور ہم اس کو پورا کرنے کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔وزیرِ اعظم نے کہاکہ حکومتی سبسڈی کا شفاف اور موثر استعمال موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیرِ اعظم نے تمام متعلقین کو ہدایت کی کہ مجوزہ نظام کے حوالے سے طریقہ کار اوراعداد وشمار کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ اس پروگرام کا جلد از جلد اجراءکیا جا سکے۔