بالی ووڈ کی دھک دھک گرل مادھوری ڈکشت 55برس کی ہوگئیں
بالی ووڈ میں دھک دھک گرل کے نام سے جانی جانے والی اداکارہ مادھوری ڈکشت 55برس کی ہوگئیں ۔15مئی 1967 کو ممبئی کے ایک مراٹھی گھرانے میں پیدا ہونے والی مادھوری ڈکشٹ نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1984 میں فلم ابودھ سے کیا تاہم بالی ووڈ میں انہیں پہلی کامیابی 1988 میں فلم تیزاب سے ملی۔ اس کے بعد مادھوری نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
انہوں نے پرندہ، دل، ہم آپکے ہیں کون، ساجن، بیٹا، کھل نائیک، دل تو پاگل ہے، پکار، لجا اور دیوداس جیسی کئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور متعدد ایوارڈز اپنے نام کئے۔1999 میں انہوں نے ایک امریکی نژاد بھارتی ڈاکٹر سری رام مادھو نینے سے شادی کرلی 2002 میں انہوں نے بھارتی فلم نگری سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے امریکا میں ہی سکونت اختیار کرلی تاہم 2007 میں دوبارہ واپس آئیں اور آجا نچ لے نامی فلم میں کام کرکے اپنے فنی سفر کا دوبارہ آغاز کیا جو اب بھی جاری ہے ۔
مادھوری ڈکشت فلموں کے علاوہ چھوٹی اسکرین پر کئی رئیلٹی شوز میں بھی جج کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔مادھوری ڈکشت کو ان کی خوبصورتی، دلفریب مسکراہٹ، اداکاری اور رقص کی مہارت کے بدولت ماضی کی مقبول ترین اداکارہ مدھو بالا سے مماثلت دی جاتی ہے۔ ان کی ان ہی خصوصیات کی بدولت وہ بھارتی فلم نگری میں قدم رکھنے والی ہر اداکارہ کے لئے مشعل راہ سمجھی جاتی ہیں۔