منصوبہ بندی اور مانیٹرنگ کے فقدان سے سبزل روڈ کی تعمیر تعطل کا شکار ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

0 260

کوئٹہ(امروز ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے عوامی شکایات پر سبزل روڈ کا دورہ کیا صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ بھی انکے ہمراہ تھے وزیراعلیٰ بغیر پروٹوکول اور سیکیورٹی کے سبزل روڈ پہنچ گئے جبکہ وزیراعلیٰ کے دورے کے لیئے حسب معمول نہ تو روٹ لگایا گیا اور نہ ٹریفک کو روکا گیا وزیراعلیٰ نے سڑک کی تعمیر میں تاخیر سے علاقے میں پیدا ہونے والی ناگفتہ بہ صورتحال کا جائیزہ لیاوزیراعلیٰ سے علاقہ مکینوں نے ملاقات کی اور انہیں تعمیراتی کام میں تاخیر اور نکاسی آب کے نظام کی ابتری سے متعلق درپیش مسائل سے آگاہ کیا لوگوں کی جانب سے شکایات کے انبار لگا دیئے گئے

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین سال سے کوئٹہ پیکج کے نام پر روڈ کو کھود کر چھوڑ دیا گیا ہے ارد گرد کی گلیوں میں نالیوں کا گندا پانی کھڑا ہے اور مکین مسجد تک نہیں جا سکتے ہیں علاقہ مکینوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے سبزل روڈ کی تعمیر و توسیع کا کریڈٹ تو لیا لیکن زمین پر کام نہیں کیا گیاوزیراعلیٰ نے علاقے کی صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ سب کچھ اچھا ہے کی رپورٹس پر اعتماد نہیں اس لیئے صورتحال کا خود جائیزہ لینے آیا ہوں وزیراعلیٰ نے کہا کہ علاقے کی صورتحال کے زمہ دار حکام کے خلاف کاروائی کی جائے گی

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا میں تصویر کا دوسرا رخ دکھا کر کریڈٹ لینا تو آسان ہے لیکن زمین پر کام نہ کر کے لوگوں کے مسائل میں اضافہ کرنا درست نہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبہ بندی اور مانیٹرنگ کے فقدان سے سبزل روڈ کی تعمیر تعطل کا شکار ہے تاہم منصوبے میں پائے جانے والے نقائص کو دور کیا جا رہا ہے اور صورتحال کو فوری بہتر کیا جائے گا وزیراعلیٰ نے ایڈمنسٹریٹر کیو ایم سی کو نکاسی آب کے لیئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنے اور پی ڈی کوئٹہ پیکج کو روڈ کی تعمیر کے کام کافوری آغاز کرنے کی ہدایت کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ دو دن بعد وہ دوبارہ علاقے کا دورہ کرینگے

علاقہ مکینوں نے فوری اقدامات کے حکم پر وزیراعلیٰ سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے عوامی فلاح وبہبود کے کاموں کی وجہ سے عوام کی آپ سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے حکام کی نالائقی اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی افسران خود کو عوام کا خادم سمجھیں وزیراعلیٰ نے ہزارہ ٹان کلی کیرانی اور مغربی بائی پاس کا بھی دورہ کیا انہوں نے مغربی بائی پاس کی توسیع کے منصوبے میں تاخیر کا بھی نوٹس لیا انہوں نے کہا کہ تاخیر کی زمہ داری این ایچ اے پر عائد ہو تی ہے اس حوالے سے وزیراعظم سے بات کی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.