عمران خا ن کی حکومت نے جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کیں : جعفر مندوخیل
کوئٹہ : پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے حکومتی بینچوں پر یبٹھ کر عمران خان اور انکے ساتھیوں نے اپوزیشن سے ساڑھے تین سال محض لڑائی اور اپوزیشن اراکین کوزیر عتاب رکھنے کی کو شش کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جب سے تحریک عدم اعتماد پیش ہوئی تھی تو حکومت نے نا صرف اس کو ناکام بنانے کی کوشش کی بلکہ جمہوریت اور جمہوری نظام کوبھی نقصان پہنچا نے کی کوششیں کی گئی ۔ اپوزیشن جما عتوں نے نا صرف عدم اعتماد کو کامیاب کروایا بلکہ جمہوریت اور جمہوری نظام کو بھی مضبوط کیا۔ امریکہ مردہ باد کے نعرے لگانے والے جو بائیڈن کے ٹیلی فون کو ترس رہے تھے ۔ کاش ان کا یہ جذبہ تب بھی ہوتا جب یہ ٹرمپ کے بغل میں بیٹھے تھے۔ کاش یہ خیال ان کو تب آتا جب یہ آئی ایم ایف کی ناجائز شرائط کو مان کر قوم پر مہنگائی مسلط کررہے تھے۔ کیا یہ بھی امریکہ کی سازش تھی کہ وسیم اکرم پلس سے استعفیٰ لیا گیا؟ کیا یہ بھی امریکی سازش تھی کہ پنجاب میں 180اراکین کے ہوتے ہوئے پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ کاامیدوار نامزد کیا گیا۔ یہ بھی امریکی سازش تھی کہ حکومتی بینچوں پر یبٹھ کر عمران خان اور انکے ساتھیوں نے اپوزیشن سے ساڑھے تین سال محض لڑائی کی ہے اور اپوزیشن اراکین کو زیر عتاب رکھنے کی کو شش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن سے نہیں لڑنا، ہمارا مقابلہ اس بربادی سے ہے جو تحریک انصاف چھوڑ کر گئی ہے۔ ہمارا مقابلہ اس مہنگائی اور بےروزگاری سے ہے جو حکومت چھوڑ کر گئی ہے۔