سینیٹ انتخابات ، تحریک انصاف میں اختلافات سامنے آگئے
کوئٹہ (امروز ویب ڈیسک) سینیٹ انتخابات ،پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات پیدا ہوگئے ،پی ٹی آئی مرکز نے بلوچستان سے عبدالقادر کونامزد کردیاہے تاہم پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر کے ترجمان نے کہاہے کہ عبدالقادر کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر پارلیمانی بورڈ کی جانب سے دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان سے بھی سینیٹ انتخابات کیلئے امیدوار عبدالقادر کے نام کااعلان کردیاہے
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ عبدالقادر پی ٹی آئی بلوچستان کی طرف سے سینیٹ انتخابات کے امیدوار ہوںگے جبکہ دوسری جانب پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر سرداریارمحمد رند کے ترجمان بابر یوسف زئی کے مطابق عبدالقادر کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی عبدالقادر کانام فائنل کرنے کیلئے پارلیمانی لیڈر سے مشاورت کی گئی
ہے عبدالقادر ایک سرمایہ دار اور کنسٹرکشن کمپنی کا مالک ہے انہوں نے دعویٰ کیاکہ عبدالقادر پر نیب کے کیسز بھی ہیں چونکہ عبدالقادر نے ہر ٹھیکے میں شہبازشریف اور نوازشریف کے ساتھ مل کر غبن کیاتھا۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی میں 16فروری کو حلقہ پی بی 20پشین تھری پر ضمنی انتخابات میں بھی اختلافات ہیں ،صوبائی قیادت کی جانب سے بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت کااعلان کیاگیاہے جبکہ ضلع کی جانب سے اپنا امیدوار سامنے لا یا گیاہے ۔