وفاقی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی منصوبہ بندی شروع کردی : مولانا واسع

0 43

کوئٹہ : جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے منصوبہ بندی شروع کردی ہے ، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیاگیا ہے شہباز شریف کی وژن سے سٹاک مارکیٹ میں مندی آئی اور ڈالر بھی نیچے آنے لگے ہیں جس کی وجہ سے اب ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا ، بلوچستا ن کے وسائل کے بارے میں وفاقی حکومت سے بات چیت کرینگے اورصوبے کے حقوق پر کسی بھی صورت خاموش نہیں رہیں گے ، ہم اس لئے حکومت میں آئے کہ ہم بلوچستان کا دفاع کریںگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت کے ذمہ داران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی ہی ہمارے مسائل کا حل ہے۔ بدقسمتی ہے کہ یہاں آئین، پارلیمان اور جمہوریت کو کمزور کرنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں۔ کپتان نے ملک کو اقتصادی و معاشی طور پر تباہ کردیا ہے۔ آئینی بحران پیدا کرنے والا ملک کا خیرخواہ نہیں ہوسکتا۔ سیاسی جماعتوں نے مسلط ٹولے کو باہر نکال کر ملک اور قوم پر احسان کیا ہے۔ امید ہے نئی حکومت اپنی تمام تر توجہ غریب عوام کو ریلیف دینے پر مرکوز کرے گی۔ نئی حکومت کو مہنگائی کے طوفان سے نمٹنے کیلئے فوری اور عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ حکومت کوصوبوں اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی توانائی صرف کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان آئینی اداروں کو متنازعہ اور سیاسی معاملات میں گھسیٹتے رہے ان کی حکومت اٹھارہویں آئینی ترمیم کی دشمن اور بار بار اس ترمیم پر حملہ آور ہوتی رہی۔ جو بندہ ایک ذمہ دار منصب پر فائز رہ کر آئین اور قانون کی پامالی کو اعزاز سمجھنے لگے وہ ملک اور عوام کیلئے لمحہ فکریہ ہوتا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ذمہ داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور آئین اور قانون کی پاسداری اور عملداری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا تیمرگرہ میں پی ٹی آئی کے کارکنان نے کھلی دہشت گردی کی ہے،مفتی محسن کی مسجد پر حملہ اور مفتی طفیل پر تشدد اور مسجد کے تقدس کو پامال کرنے پر سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں،اقتدار ختم ہونے پر یہ لوگ حواس باختہ ہوچکے ہیں،ہم آئینی لوگ ہیں ورنہ اس اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.