پیٹرول پمپ مافیا خود ساختہ ریٹ نکال کر عوام کا بری طرح سے استحصال کر رہی ہے،میر سکندر خان ملازئی
مستونگ: نیشنل پارٹی کےضلعی صدر میر سکندر خان ملازئی نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پیٹرول پمپ مافیا خود ساختہ ریٹ نکال کر عوام کا بری طرح سے استحصال کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایرانی پیٹرول 168 روپے فی لیٹر کے حساب سے مستونگ میں اتارا جا رہا ہے، مگر عوام کو یہ پیٹرول 195 روپے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے، جو کہ سراسر ظلم، ناانصافی اور عوام دشمنی کے مترادف ہے۔میر سکندر خان ملازئی نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں عوام پہلے ہی معاشی دباؤ کا شکار ہیں، اور ایسے میں پیٹرول جیسی بنیادی ضرورت کی اشیاء پر ناجائز منافع خوری عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ پیٹرول پمپ مافیاز کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور ایرانی پیٹرول کی قیمتوں کو کنٹرول میں لایا جائے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔۔۔۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی ہر اُس ظلم کے خلاف آواز اٹھاتی رہے گی جو عوام کے ساتھ روا رکھا جائے گا، اور اگر انتظامیہ نے اس مسئلے کو سنجیدگی سے نہ لیا تو عوامی احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔