بدقسمتی سے ماضی میں تعلیم کے شعبے پر توجہ نہیں دی گئی، عمران خان

0 77

اسلام آباد (امروز ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہتعلیم موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، بدقسمتی سے ماضی میں تعلیم کے شعبے پر توجہ نہیں دی گئی، وزیرِ اعظم نے ہدایت کی ہے کہ مجوزہ ایجوکیشن پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے ساتھ تمام صوبائی حکومتوں اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے دور جدید کے تقاضوں کے مطابق تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ایک جامع روڈمیپ مرتب کیا جائے تاکہ اہداف اور ترجیحات کا واضح تعین کر کے عملدرآمد عمل کو ممکن بنایا جا سکے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں تعلیم کے فروغ، تعلیمی نظام میں ٹیکنالوجی کے استعمال اور سکلڈ ایجوکیشن کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وزیرِ تعلیم شفقت محمود، سیکرٹری ایجوکیشن، ڈاکٹر عطا ئ الرحمن، سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی، چییرمین این آئی ٹی بی، چیئرمین نیوٹیک اور نجی شعبے کے ماہرین شریک تھے۔ وزیر تعلیم شفقت محمود نے اجلاس کو وزارت تعلیم کی جانب سے نظام تعلیم میں اصلاحات، کورونا وبا کے دوران فاصلاتی تعلیم کے حوالے سے اقدامات، ٹیکنالوجی کے استعمال کے ضمن میں پائلٹ پراجیکٹس کے آغاز، ملک بھر میں “سکلز فار آل” منصوبوں کے آغاز، ڈیجیٹل لٹریسی اور نالج اکانومی کے فروغ کے حوالے سے مختلف منصوبوں کی پیش رفت پر آگاہ کیا۔

وزیر تعلیم نے پسماندہ علاقوں میں سکول سے باہر بچوں، خصوصاً بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے اقدامات، ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت 50000 نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس و دیگر جدید علوم میں تربیت، قومی سکلز ایکریڈیشن کونسل کے قیام، بین الاقوامی اداروں سے اشتراک اور ووکیشنل اداروں میں مختلف نوعیت کے علوم و ہنر کے حوالے سے قومی نصاب پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ وزارت تعلیم پاکستان ایجوکیشن پالیسی 2021 مرتب دے رہی ہے۔ اس پالیسی میں معیاری تعلیم کے حصول کے لئے یکساں مواقع کی فراہمی اور آسان رسائی جدید علوم کا فروغ اور روزگار کے مواقع سے مطابقت تعلیم و ہنر کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر عطا ئ الرحمن نے اجلاس کو ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال، بین الاقوامی اداروں سے ایکریڈیٹیشن،اساتذہ کی استعداد میں اضافے، ملک میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، بائیو ٹیکنالوجی و دیگر جدید علوم کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بریفنگ دیتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اہداف پر مبنی تزویراتی ایکشن پلان پر مجوزہ سفارشات پیش کیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں تعلیم کے شعبے پر توجہ نہیں دی گئی۔ ملک کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ان نوجوانوں کی صلاحیتوں سے اسی وقت ہی استفادہ کیا جا سکتا ہے جب ان کو جدید علوم حاصل کرنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ٹیکنالوجی کے انقلاب سے استفادہ اسی صورت ممکن ہے جب ہم نوجوانوں کو بدلتے وقت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام تعلیم سے آراستہ کریں۔ وزیراعظم نے وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ مجوزہ ایجوکیشن پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ تمام صوبائی حکومتوں اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے دور جدید کے تقاضوں کے مطابق تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ایک جامع روڈمیپ مرتب کیا جائے تاکہ اہداف اور ترجیحات کا واضح تعین کر کے عملدرآمد عمل کو ممکن بنایا جا سکے۔

وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ترجمان وزیر اعظم ہاﺅس کے مطاب عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے وزیرِ اعظم عمران خان نے اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں مجوزہ اضافے کی تجویز مسترد کر دی۔ اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں14.07روہے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13.61 روپے، کیروسین (مٹی کے تیل کی قیمت میں 10.79روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 7.43 روپے اضافہ تجویز کیا گیا تھا۔ عوامی فلاح و بہبود کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیرِ اعظم نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی تجویز منظور نہیں کی۔ وزیرِ اعظم کا کہناہے کہ حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ہر حد تک جائے گی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک ماہ کے دوران 2 ارب 27 کروڑ ڈالرز مالیت کی ترسیلات زر بھجوائیں اور یہ مسلسل آٹھواں مہینہ ہے جس میں ترسیلات زر کا حجم 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہا۔ سماجی رابطوں کی وےب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی اےک ٹوئٹ میں کہا کہ جنوری 2021 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 2 ارب 27 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائیں،

جو کہ گزشتہ برس کے اسی مہینے کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے، یہ مسلسل آٹھواں مہینہ ہے جس میں ترسیلات زر کا حجم 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہا۔ رواں برس اب تک گزشتہ برس کے مقابلے میں 24 فیصد زائد ترسیلات زر بھجوائی گئی ہیںجو کہ ایک ریکارڈ ہے اور اس پر وہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں۔اپنی دوسری ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے لارج اسکیل مینوفیکچرنگ (بڑے پیمانے پر پیداواری شعبہ) کے حوالے سے بھی بتاتے ہوئے کہا کہ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں دہرے ہندسے کی نمو دیکھنے میں آئی ہے، دسمبر 2019 کے مقابلے میں دسمبر 2020 میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 11 اعشاریہ 4 فیصد اضافہ ہوا، اس طرح جولائی 2020 سے دسمبر تک لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 8 فیصد اضافہ ہوا ہے، صنعتی شعبے میں بھی خوشخبری مستحکم نمو کی عکاس ہے۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے اپنے اعلامیے میں بتایا ہے کہ جنوری 2021 کے دوران بیرون ملک سے ترسیلات زر کی مالیت 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کے قریب رہیں جو کہ جنوری2020 کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہیں۔ تاہم گزشتہ ماہ (دسمبر 2020) میں ترسیلات زر کی مالیت 2 ارب 40 کروڑ ڈالر کے قریب تھی۔ مجموعی طور پر رواں مالی جولائی تا جنوری کے دوران ترسیلات زر کا حجم 16 ارب 50 کروڑ ڈالر کے قریب ہوگیا ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.