فن کو کبھی زوال نہیں آتا ، ماہ نور
لاہور(امروز نیوز) نامور اداکارہ ماہ نور نے کہا ہے کہ آج تک فن کو کبھی زوال نہیں آیا ، حسد کرنے والے دوسروں کا نہیں بلکہ اپنا ہی نقصان کرتے ہیں اور ہر کوئی ایسے لوگوں سے فاصلہ رکھتا ہے ۔ ایک انٹر ویو میں ماہ نور نے کہا کہ میں نے اپنے کیریئر میں صرف محنت کو شعار بنا کر عزت اور مقبولیت حاصل کی ہے ،اسٹیج ڈرامہ میری پہچان کی پہلی بنیاد ہے اور میں اس کو چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کر سکتی ۔ اسٹیج پر اداکاری سے میری اداکاری میں پختگی آئی ہے اور اب میں کامیابی کی منازل طے کر رہی ہوں ۔ انہوںنے کہا کہ کوئی میرے بارے میں کیا کہتا ہے مجھے اس سے کوئی سروکار نہیں اورمیں صرف اپنے کام سے کام رکھتی ہوں ،سازشیں اور حسد کرنے والے ہر دور میں ہوتے ہیں اور یہ ہمیشہ نقصان میں ہی رہتے ہیں۔