عامر لیاقت کی وجہ موت کے تعین کیلیے قبرکشائی کی درخواست

0 148

معروف ٹی وی اینکر اور سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت کی اچانک موت کی وجہ جاننے کے لیے قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے خصوصی بورڈ تشکیل دینے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

سٹی کورٹ کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے روبرو عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم سے متعلق شہری عبدالاحد کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں وکیل بیرسٹر ارسلان راجا نے مؤقف دیا کہ معروف ٹی وی اینکر و سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت کی اچانک پراسرار موت ہوئی ہے، جس کی وجہ کا تعین بہت ضروری ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عامر لیاقت حسین کی اچانک موت سے ان کے مداحوں میں شکوک و شبہات ہیں۔ شبہہ ہے کہ عامر لیاقت کو جائداد کے تنازع  پر قتل کیا گیا ہے۔ استدعا ہے کہ عامر لیاقت کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے خصوصی بورڈ تشکیل جائے کیوں کہ وجہ موت کا سامنے آنا ضروری ہے۔

عدالت نے مؤقف سننے کے بعد عامر لیاقت کے لواحقین اور ایس ایچ او بریگیڈ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 18 جون کو جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ عامر لیاقت کے ورثا عدالت میں پیش ہوں یا جواب جمع کرائیں۔ بعد ازاں عدالت نے عامر لیاقت کے ورثا سے ہفتے کی صبح 9 بجے تک جواب طلب کرلیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.