اتحادی حکومت کا بھی بیرون ملک سے ملنے والے تحائف کی تفصیلات شیئر کرنے سے انکار

0 23

لاہور : مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی ، جے یو آئی ف اور دیگر سیاسی جماعتوں پر مشتمل اتحادی حکومت کو بیرون ملک سے ملنے والے تحائف کی تفصیلات سامنے نہ آ سکیں۔

ایک درخواست گزار کی جانب سے کابینہ ڈویژن کو قیام پاکستان سے لیکر اب تک سربراہان مملکت و حکومت کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات کے لیے درخواست دی لیکن کابینہ ڈویژن نے تفصیلات کو کلاسیفائڈ قرار دیتے ہوئے تحائف کے بارے میں بتانے سے انکار کر دیا۔حال ہی میں وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ میں شامل اتحادیوں کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کیا تھا لیکن اس دورے کے موقع پر کس کو کیا تحائف ملے تھے ان کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی گزشتہ حکومت نے بھی وزیراعظم عمران خان کو بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف کی تفصیلات شیئر کرنے سے انکار کر دیا تھا جس پر موجودہ حکومت (جو اس وقت اپوزیشن میں تھی) نے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

متضاد اطلاعات کے مطابق وزیاعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستانی وفد کو اہم تحائف پیش کیے گئے تاہم حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کسی قسم کی معلومات شیئر نہیں کی گئیں۔

ذرائع کابینہ ڈویژن کا بتانا ہے کہ وفاقی حکومت توشہ خانہ کے حوالے نئی پالیسی متعارف کرانے جا رہی ہے جو ایک ماہ میں سامنے آ جائے گی جس کے تحت سب کچھ ظاہر کر دیا جائے گا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق توشہ خانہ کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر بہترین تصور کی جانے والی پالیسی بنائی جائے گی۔

بین الاقوامی بیسٹ پریکٹس کو لیکر اگر امریکا، برطانیہ یا اسکینی ڈیوین ممالک کو دیکھا جائے تو وہاں پر حکومتی سربراہان کو جو کچھ بھی ملتا ہے اسے ظاہر کیا جاتا ہے، حتیٰ کہ عوام کو تحائف کی تفصیلات کے لیے کسی قسم کی درخواست بھی نہیں دینی پڑتی بلکہ حکومت خود تمام تفصیلات آفیشل ویب سائٹس پر جاری کر دیتی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.