عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے: ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

0 131

اسلا م آباد(امروز نیوز) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار کنٹونمنٹ بورڈ کوئٹہ کے ایگزیٹو آفیسر ظفر محمود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ڈپٹی سپیکر سے ملاقات کی۔ملاقات میں کوئٹہ کنٹونمنٹ بورڈ کی تزئین وآرائش ،صفائی کے انتظامات اور جائیداد کی منتقلی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی سپیکر نے ایگزیٹو آفیسر کوئٹہ کنٹونمنٹ بورڈ کے رہائشیوں کو درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کرنے اور کنٹونمنٹ ایریا میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے جار ہے ہیں۔انہوں نے ایگزیٹو کنٹونمنٹ کوئٹہ کو کنٹونمنٹ ایریا میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہو ں نے کنٹونمنٹ ایریا کے عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ کوئٹہ آفسیر ظفر محمود نے ڈپٹی سپیکر کو بتایا کہ ہم اپنے محدود وسائل کے اند ررہتے ہوئے کنٹونمنٹ ایریا کی تزین وآرائش اور صحت اور صفائی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے بھر پور اقدامات اٹھارہے ہیں۔انہوں نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لیے گاڑیاں خریدنے کے لیے فنڈزکی فراہمی کی درخواست کی۔ڈپٹی سپیکر نے اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے بات کرنے اور کنٹونمنٹ ایریا میں موجود سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے خود کنٹونمنٹ بورڈ کا دورہ کرنے کا یقین دہانی کرائی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.