وزیر اعظم کی ہدایت پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین کے انتخاب کیلئے 6رکنی کمیٹی تشکیل
لاہور (امروز نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین کے انتخاب کے لئے 6رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے متروکہ وقف املاک بورڈکو سیا سی بنیادوں کی بجائے کمرشل اور پروفیشنل بنیادوں پر چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور چیئرمین کے انتخاب کیلئے کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نور الحق قادری کو کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا ہے جبکہ ایڈوائزر برائے وزیر اعظم برائے انسٹی ٹیوشنل ریفارمز اینڈ آسٹریریٹی ڈاکٹر عشرت حسین کمیٹی کے ممبربنا دئیے گئے ۔ اس کے ساتھ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ، وفاقی سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن، وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور وفاقی سیکرٹری قانون و انصاف بھی کمیٹی میں بطور ممبر شامل کئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے حکم سے بنائی گئی کمیٹی چیئر مین کے لئے آنے والی 150سے زائد درخواستوں پر کارروائی عمل میں لائے گی۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے سربراہ کا انتخاب سیا سی بنیادوں کی بجائے اہلیت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ڈپٹی سیکرٹری مذہبی امور سید سفیر حسین شاہ نے کمیٹی کے قیام کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔