سینیٹ کا انتخاب اوپن بیلٹ کے ذریعے ہونا چاہیے، لیاقت شاہوانی
این ایف سی ایوارڈ کے موجودہ فارمولے میں تبدیلی چاہتے ہیں ،سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کیلئے ہمارے پاس رقم نہیں ہے ،ترجمان حکومت بلوچستان
کوئٹہ ( امروز ویب ڈیسک)ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ سینیٹ کا انتخاب اوپن بیلٹ کے ذریعے ہونا چاہیے بلوچستان کے اراکین ہارس ٹریڈنگ کوروکنے کے حوالے سے سب سے آگے ہیں بلوچستان عوامی پارٹی نے ایسامیکنزم بنایاکہ یہ داغ نہیں لگے گا ہم این ایف سی ایوارڈ کے موجودہ فارمولے میں تبدیلی چاہتے ہیں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کیلئے ہمارے پاس رقم نہیں ہے ۔
یہ بات انہوں نے آفیسرز کلب کوئٹہ میں پریس کانفر نس کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں سینیٹ الیکشن کے دوران کوئی کچھڑی نہیں بن رہی ہے،مفتاح اسماعیل کاسینٹ انتخابات پر بلوچستان کے حوالے سے بیان قابل مذمت ہے پی ڈی ایم اے جس کچھڑی کی باتیں کر رہی ہے وہ اس کچھڑی میں پھنس جائیں گے انہوں نے کہا کہ بی اے پی اور اتحادی جماعتیں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے مینڈیٹ حاصل کرے گی لیاقت شاہوانی نے مزید کہا کہ دسویں این ایف سی ایوارڈ پر بات چیت ہورہی ہے
،ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے بعد بلوچستان کو پچھلے دس برسوں میں 1406ارب روپے ملے مگر ان میں صرف ڈھائی سو ارب ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوئے جبکہ دیگر رقم تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی میں خرچ ہوگئی ،،لیاقت شاہوانی نے کہا کہ پاک افغان اور ایران سرحد پر حفاظتی باڑ لگانے کا کام جون تک مکمل ہوجائے گا ،،،صوبے میں اسپیشل اکنامک زون بنائے جارہے ہیں جس سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا ،جنوبی بلوچستان کیلئے اعلان کردہ چھ سو ارب کےلئے 118نئے ترقیاتی منصوبے تیار کئے جارہے ہیں
،،کوئٹہ کراچی شاہراہ کو دو رویہ کرنے کے منصوبے پر رواں سال کام شروع ہوجائے گا ،کوئٹہ کراچی شاہراہ پر چلنے والی 316کوچز میں ٹریکرز لگائے جارہے ہیں۔لیاقت شاہوانی نے کہا کہ ہماری خواہش ہےپی ایس ایل کا ایک میچ یا نمائشی میچ گوادر میں منعقد ہو، جبکہ کوئٹہ میں بھی پی ایس ایل کا میچ منعقد کیا جائے۔