ایف پی ایس سی کے سب کیمپس کے قیام کے حوالے سے اقدامات تیز کیے جائیں، مطہر نیاز رانا
تربت(امروز ویب ڈیسک) چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے تربت کا مختصر دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہرام خان مندوخیل اور دیگر محکموں کے ضلعی سربراہان نے چیف سیکریٹری بلوچستان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس دوران تربٹ ائیرپورٹ میں چیف سیکریٹری بلوچستان نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ مالی سال 22-2021 کے بجٹ میں شامل ترقیاتی اسکیموں کے پی سی ون کو جلد از جلد تیار کرکے متعلقہ اداروں میں جمع کردیں تاکہ اس حوالے سے ترقیاتی منصوبوں کی ٹینڈرنگ کا پروسیس جلد مکمل کیا جاسکے
۔ اس موقع پر انہوں نے رجسٹرار تربت یونیورسٹی گنگوزار بلوچ سے بھی یونیورسٹی کے تعلیمی اور انتظامی امور کے بارے میں مختصر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران رجسٹرار تربت یونیورسٹی نے چیف سیکریٹری بلوچستان کو تربت یونیورسٹی کے بارے میں بریفنگ دی اور انہیں تربت یونیورسٹی کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ چیف سیکریٹری بلوچستان نے انہیں یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد تربت یونیورسٹی کا تفصیلی دورہ کرینگے
اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں گے۔ دریں اثناءچیئرمین وفاقی پبلک سروس کمیشن کیپٹن (ر) زاہد سعید نے بھی چیف سیکریٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا سے تربت ائیرپورٹ پر ملاقات کی اور ان سے بلوچستان کے تعلیمی مسائل اور دیگر باہمی دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران چیف سیکریٹری بلوچستان نے وفاقی پبلک سروس کمیشن کی جانب سے تربت میں سی ایس ایس کے طلباءاور طالبات کیلئے ابتدائی اسکریننگ ٹیسٹ کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے
ایف پی ایس سی کے اقدام کی ستائش کی۔ اس دوران انہوں نے چیئرمین ایف پی ایس سی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایف پی ایس سی کے سب کیمپس کے قیام کے حوالے سے اقدامات تیز کیے جائیں تاکہ یہاں کے مقامی لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات ان کے گھر کی دہلیز پر فراہم کیے جاسکیں۔اس دوران انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ تربت میں ابتدائی اسکریننگ ٹیسٹ سینٹر کے قیام سے بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے سفر میں شامل کرنے میں بہت مدد ملے گی۔ بعد ازاں چیف سیکریٹری بلوچستان تربت سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوگئے۔