مسلم لیگ ن بلوچستان کے پرنٹ میڈیا کیساتھ کھڑی ہے۔ز رک خان مندوخیل
ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے وفد کی مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل سے ملاقات
ہر فورم پر بلوچستان کے پرنٹ میڈیا کیلئے آواز بلند کرینگے۔ ایکشن کمیٹی یقین دہانی
کوئٹہ ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے وفد کی حاجی عبدالغفار لانگو کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل سے ملاقات۔ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان ترین نے رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل کو اخباری صنعت کو درپیش مسائل بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اشتہارات کو BPPRAپر منتقل کرنے سے اخبارات ۔جرائد سمیت پوری صنعت بندش کا شکار ہوجائیگی۔اس کے منفی اثرات سے پرنٹ میڈیا کا کوئی شعبہ بچ نہیں پائے گا تو دوسری جانب حکومت خود مستند اور ذمہ دار میڈیا کا گلہ گھونٹ دیگی۔رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل کو مزید تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اخبار مارکیٹ بھی مسائل سے دوچار ہے گزشتہ 8 برس سے فنڈز کا عدم اجراء باعث تشویش ہے حالانکہ اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح احکامات بھی صادر فرمائے تھے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ میڈیا کے تحفظ کی بات کی ہماری پارٹی بلوچستان کے پرنٹ میڈیا کیساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہر فورم پر بلوچستان کے پرنٹ میڈیا کیلئے آواز بلند کرینگے۔دریں اثناء ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا علامتی احتجاجی کیمپ جاری رہا جس میں اخبارات جرائد اور اخبار مارکیٹ کے نمائندگان شریک تھے۔