نوجوان اپنی تمام توجہ تعلیم کے حصول پر مرکوز رکھے
کوئٹہ (امروز نیوز) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان ملک و قوم کے خدمت اور جذبے کے عزم کے ساتھ اپنی تمام تر توجہ تعلیم کے حصول پر مرکوز رکھیںبلوچستان کے تابناک اور روشن مستقبل کے لئے ضروری ہے کہ نوجوان ایسے سیاستدانوں کی باتوں پر کان نہ دھریں جو ہمارے نوجوانوں کو بہتر تعلیم اور اعلی اقدار کے حصول اور فوائد کے بجائے ان کے ذہنوں میں صوبائیت اور ملک دشمنی جیسے تصورات ٹھونسنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کی تعلیمی صلاحیتیں دنیا میں کسی سے کم نہیں۔بلوچستان کے زرخیز مٹی نے کئی نامور معلم، سائنسدان، دانشور، شاعر و ادیب اور سیاستدان پیدا کیے ہیں۔انہوں نے اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا المیہ یہ ہے کہ ماضی میں سیاستدانوں نے ہمارے نوجوانوں کو تعلیم کی روشنی اور فوائد سے بہرہ ور کرنے کی بجائے انہیں غیر پارلیمانی سیاست اور ملک کے خلاف ہتھیار اٹھا کر پہاڑوں میں جانے کی ترغیب دے کر ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کو گمراہ کیا آج پہی قوتیں نا صرف پارلیمانی سیاست کا حصہ ہیں بلکہ ان کے بچے دنیا کے اعلی ترین جامعات سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت سابقہ حکمرانوں کے دعووں کے برعکس اور بلوچستان کے نوجوانوں اور عوام کو جھانسہ دینے کی بجائے عملی اور نتیجہ خیز کام اور بلوچستان کے عوام کے خدمت پر یقین رکھتی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان میں صوبے کے نوجوانوں کے لیے مختلف شعبوں میں اپنا لوہا منوانے، صوبے اور یہاں کے عوام کی خدمت کرنے کے لئے مواقع کی کمی نہیں۔ امر اس بات کی ہے کہ نوجوان ملک و قوم کی خدمت اور جذبے کے عزم کے ساتھ اپنی تمام تر توجہ افواہوں، گمراہ کن اور جزباتی دعووں کی بجائے بہتر تعلیم کے حصول پر مرکوز رکھیں۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی اور تعلیم کی ترقی و ترویج کے لیے صوبائی محکمہ تعلیم میں نوجوانوں کے تعلیمی قابلیت اور صلاحیتوں کے مطابق پندرہ ہزار سے زائد تدریسی اور غیر تدریسی نوکریاں مشتہر کر چکی ہے جن میں صرف اور صرف میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر تعیناتی عمل میں لائی جائیگی انہوں نے کہا کہ دیگر صوبائی محکموں اور شعبوں میں بھی نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔