وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس،آفتاب سلطان کو چیئرمین نیب تعینات کرنے کی منظوری دیدی گئی

0 161

امریکی ڈالر کی قیمت کو کم کرنے اور پاکستانی روپے کی قدر میں استحکام کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں ،مفتاح اسماعیل

اسلام آباد وفاقی کابینہ نے آفتاب سلطان کو چیئرمین نیب تعینات کرنے، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے ملٹی ماڈل ایئرروڈ کوریڈور ،پاکستان اور ترکی کے مابین ٹریڈ اِن گڈز معاہدے پر دستخط ،افغانستان میں پاکستانی ہسپتالوں کے آپریشنز، دیکھ بھال، سامان کی فراہمی اور سٹاف کی تنخواہوں کے حوالے سے افغان حکومت کو فنڈز کی منتقلی کی منظوری دیدی ہے جبکہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کابینہ کو بتایا ہے کہ امریکی ڈالر کی قیمت کو کم کرنے اور پاکستانی روپے کی قدر میں استحکام کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں ،آئندہ مہینے پاکستانی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں مستحکم ہوجائیگا،رواں مالی سال گزشتہ سال کی نسبت ملک میں اقتصادی ترقی کی شرح بہتر رہے گی ۔جمعرات کو وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا،وزیراعظم نے لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے کابینہ اجلاس کی صدارت کی، وزیراعظم نے تمام کابینہ ممبران کو خوش آمدید کہا۔ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفاقی کابینہ کو امریکی ڈالرز کے ریٹ میں حالیہ اضافے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکی ڈالر کی قیمت کو کم کرنے اور پاکستانی روپے کی قدر میں استحکام کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ مہینے پاکستانی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں مستحکم ہوجائیگا۔ وفاقی وزیرخزانہ نے بتایا کہ رواں مالی سال گزشتہ سال کی نسبت ملک میں اقتصادی ترقی کی شرح بہتر رہے گی کیونکہ موجودہ حکومت نے پیداواری شعبے بشمول زراعت کے شعبے کو تاریخی ٹیکس مراعات دی ہیں جن کے نتیجے میں صنعتی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ اور زراعت کے شعبے کی ترقی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان اقدامات سے مقامی پیداوار کی بدولت در آمدات میں کمی، روزگار میں اضافہ اور بر آمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔وفاقی کابینہ نے آفتاب سلطان ریٹائرڈ پولیس سروس آف پاکستان آفیسر کی بطور چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب)تعیناتی کی منظوری دیدی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ چیئرمین نیب کی تقرری کی مدت 3 سال کردی گئی ہے جس کی معیاد بڑھائی نہیں جاسکتی۔ چیئرمین نیب کی تعیناتی قومی اسمبلی میں لیڈر آف ہاؤس اور لیڈر آف اپوزیشن کی مشاورت سے کی جاتی ہے۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ تجارت کی سفارش پرافغان ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے ملٹی ماڈل ایئرروڈ کوریڈور کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزراتِ تجارت کی سفار ش پر پاکستان اور ترکی کے مابین ٹریڈ اِن گڈز معاہدے پر دستخط کرنے کی منظوری دیدی، پاکستان اور ترکی نے وزیراعظم کے حالیہ دورہء ترکی کے دوران اس معاہدہ پر دستخط کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس معاہدے کے ذریعے پاکستان اور ترکی کو ایک دوسرے کی سروسز اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بہتر رسائی ملے گی۔ ترکی کی طرف سے پاکستان کو 261 ٹیرف لائنز پر رعایت فراہم کی جائے گی جس میں 123 اشیاء پر فوری طور پر زیرو ریٹنگ بھی شامل ہے جبکہ پاکستان کی طرف سے ترکی کو 130 ٹیرف لائنز پر رعایت کی پیش کش کی گئی ہے.

ان اشیاء میں 8 بڑے شعبوں کی مصنوعات جن میں زراعت، کیمیکل، چمڑے، پلاسٹک، ربڑ، انجینئرنگ اور دھاتی صنعتوں کی مصنوعات شامل ہیں،معاہدے سے پاکستان اور ترکی کے مابین کے دو طرفہ تجارت کا حجم بڑھ کر 5 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔وزیراعظم نے اس معاہدے کے حوالے سے وزراتِ تجارت کی کوششوں کو سراہا۔ وفاقی کابینہ نے افغانستان میں پاکستانی ہسپتالوں کے آپریشنز، دیکھ بھال، سامان کی فراہمی اور سٹاف کی تنخواہوں کے حوالے سے افغانستان کی حکومت کو فنڈز کی منتقلی کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کی سفارش پر چیئرمین فیڈرل لینڈز کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کا استعفیٰ منظور کرنے کی منظوری دے دی نئے چیئرمین فیڈرل لینڈز کمیشن کی تعیناتی کا فیصلہ کابینہ کمیٹی کرے گی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 20 جولائی 2022 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ کابینہ کو اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ یوریا اور گندم کی شفاف طریقے سے خریداری کو یقینی بناتی ہوئے اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ بہترین معیار کو کم ترین قیمت پر خریدا جا سکے اس حوالے سے متعلقہ حکام نے مہنگے ٹینڈرز کو بروقت مسترد کرکے کم قیمت ٹینڈرز کو بروقت یقینی بنایا۔کابینہ نے چائینز فرم سے یوریا کی 100 امریکی ڈالرز فی ٹن کم قیمت پر درآمد کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے تجارت، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی، وفاقی سیکرٹری تجارت اور وفاقی سیکرٹری برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی کی کوششوں کو سراہا۔ مزید برآں کابینہ نے گندم کی خریداری کے حوالے سے طلب کی گئی قیمت سے 36 امریکی ڈالرز فی ٹن کم قیمت پر ٹینڈر کے عمل کو جلد از جلد نمٹانے پر وزارتِ نیشنل فوڈ سیکورٹی کی ٹیم کی تعریف کی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے ڈسپوزل آف لیجسلیٹو کیسزکے 20 جولائی 2022کے ہونے والے اجلاس میں کئے گئے مندرجہ ذیل فیصلے کی توثیق کردی۔

وزیراعظم نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کیلئے تجویز کیے گئے ناموں پر کابینہ کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی جو کہ ان ناموں پر غور کرنے کے بعد اپنی رپورٹ وفاقی کابینہ کو پیش کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.