نیا پاکستان امیروں کا ہے ،عبدالکریم نوشیروانی
خاران (امروز نیوز )بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ ہمیں عمران خان کا نیا پاکستان نہیں چاہیے بلکہ ہمیں قائداعظم کا پاکستان چاہیے نیا پاکستان امیروں کا ہے اور غریب اس نئے پاکستان میں کسی بھی سانچے میں فٹ نہیں بیٹھ رہے عمران خان کے نئے پاکستان میں مہنگائی نے سر اُٹھالیا ہے اور یہ مہنگائی غریب کے بس سے باہر ہوتی جارہی ہے۔ پاک فوج ملک کی نازک حالت کا نوٹس لیتے ہوئے فرنٹ فٹ پر آکر عوام کو نا انصافیوں سے چھٹکارہ دلائے اور مخلص اور صاف ستھرے لوگوں پر مشتمل قومی حکومت تشکیل دے۔ یہ بات اُنہوں نے خاران میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ عمران خان کے نئے پاکستان میں مہنگائی اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ گھی، دال اور دیگر اشیاءخوردونوش اس قدر مہنگی ہوگئی ہیں کہ عوام کی پہنچ سے باہر ہیں غریب کے بس کی بات باقی نہیں رہی ڈیزل120 روپے پر چلا گیا ہے ڈالر150روپے کی حد کو چھو چکا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیں طشتری میں نہیں ملا اس کیلئے بہت سی جانوں کا نذرانہ پیش کیا گیا ہے اور آج پاکستانی قوم صرف عمران خان کے نئے پاکستان پر اسے قربان نہیں کرسکتی۔ نیا پاکستان غریبوں کا نہیں بلکہ امیروں کا ہے جنہوں نے اربوں ڈالر ملک سے باہر منتقل کئے ہوئے ہیں ایسا نیا پاکستان عمران خان کو ہی مبارک ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں قائداعظم کا پاکستان چاہیے جس میں انصاف تھا، قانون کی عملداری تھی ، مہنگائی اور بے روزگاری نہیں تھی اور معیشت بھی صحیح چل رہی تھی نئے پاکستان کے گیت گانے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ آج غریب دو وقت کی روٹی کو ترس رہا ہے حالات تیزی سے بدامنی کی طرف جارہے ہیں ملک میں دہشت گردی نے اپنی جڑیں مضبوط کر رکھی ہے بے روزگاری عام ہے غربت وافلاس کا اژدھا لوگوں کو نگل رہا ہے لوگ خودکشیوں پر مجبور ہو کر رہ گئے ہیں اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو پاکستان میں ایک بڑا خونی انقلاب آئے گا ۔لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ عمران خان اور نئے پاکستان کے خواب دکھانے والے اس ملک پر رحم کھائیں میں پاک فوج کو یہ دعوت دیتا ہوں کہ وہ آگے بڑھے اور ملک کے عوام کو ان نا انصافیوں سے چھٹکارا دلائے اور مخلص اور صاف ستھرے لوگوں پر مشتمل قومی حکومت بنا کر اقتدار ان کے حوالے کرے اور ملک کو بچا کر اپنا قومی فریضہ ادا کرے کیونکہ پاک فوج نے اس ملک کی سلامتی اور دفاع کی قسم کھارکھی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ وقت آن پہنچا ہے کہ پاک فوج آگے بڑھ کر اس ملک کو بچائے۔