عارف علوی کی تجویز آرمی چیف کی تقرری متنازع بنانے کی کوشش ہے، حافظ حمداللہ

0 83

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ عارف علوی کی تجویز حلف، آئین اور قانون سے کھلا انحراف ہے، عارف علوی کی تجویز ایک اہم تقرری کو متنازع بنانے کی ناپاک کوشش ہے۔

آرمی چیف کی تقرری پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی تجویز پر ترجمان پی ڈی ایم نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عارف علوی کی تجویز حلف، آئین اور قانون سے کھلا انحراف ہے، ہم تسلیم کرتے ہیں کہ نئے آرمی چیف کی تقرری اہم ہے، تاہم صدر مملکت عارف علوی کی تجویز ایک اہم تقرری کو متنازع بنانے کی ناپاک کوشش ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اتفاق کی ایک ہی صورت ہے کہ تقرری آئین اور طریقہ کار کے مطابق ہو، آئین اور طے شدہ طریقہ کار کے خلاف کوئی بھی تجویز قبول نہیں، سپریم کورٹ کے فیصلوں میں عارف علوی کو آئین شکن اور بد دیانت قرار دیا گیا ہے۔ سرٹیفائیڈ آئین شکن اور بد دیانت شخص اہم تقرری پر تجویز نہیں دے سکتا۔

صدر عارف علوی کی تجویز پر تنقید کرتے ہوئے ترجمان پی ڈی ایم کا یہ بھی کہنا تھا کہ تجویز سے لگ رہا ہے کہ موصوف ریاست نہیں عمرانی سیاست کے وفادار ہیں، اگر عمران کی سیاست سے وفاداری مجبوری ہے تو صدارت سے مستعفی ہوجائیں، عارف علوی کی تجویز ایک اہم تقرری کو متنازع بنانے کی ناپاک کوشش ہے۔

صدرِ پاکستان نے کیا کہا تھا؟

واضح رہے کہ نجی ٹی وی کو دیئے گئے اںٹرویو میں صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی رائے پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی بالکل واضح رائے آگئی ہے اور اس پر بات کرنے کے لیے یہ رائے ٹیبل پر ہے اور اس پر اتفاق رائے ہونا چاہیے کیونکہ یہ بہت اہمیت والی چیز ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہی مسائل آئین کو لپیٹ چکے ہیں، یہ سنجیدہ معاملہ ہے، اس پر سیاست دانوں اور پارلیمنٹ سب کو سر جوڑ کر طے کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے جو باتیں اپوزیشن نے کی ہیں، اس کو زیرغور لانا چاہیے، اس میں کوئی حرج نہیں ہے، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ کس کا استحقاق استعمال کیا جائے اور کس کا نہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ اس گفتگو کے اندر لمبی کہانیاں ہو رہی ہیں لہٰذا دونوں کو بیٹھنا چاہیے کیونکہ حکومت اور پارلیمان کے باہر بیٹھی اپوزیشن نے بھی یہی کہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.