مسلم لیگ (ن) کے کارکن پی ڈی ایم تحریک میں چھائے ہوئے ہیں، جمال شاہ کاکڑ
سبی ،جھل مگسی ، صحبت پور ،قلات سمیت دیگرعلاقوں میں مہنگائی مخالف پی ڈی ایم کے مظاہروں میں مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کی شرکت حوصلہ افزاءہے،سابق اسپیکر
کوئٹہ(امروز ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن پی ڈی ایم تحریک میں چھائے ہوئے ہیں سبی ،جھل مگسی ، صحبت پور ،قلات سمیت دیگرعلاقوں میں مہنگائی مخالف پی ڈی ایم کے مظاہروں میں مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کی شرکت حوصلہ افزاءہے جب تک یہ تحریک جاری ہے
پارٹی کارکن اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں۔یہ بات انہوں نے پارٹی کارکنوں کے نام اپنے ایک پیغام میں کہی انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) روز اول سے پی ڈی ایم میں فعال اور منظم ہے بلوچستان میں پی ڈی ایم کی تمام سرگرمیوں میںمسلم لیگ(ن) کے کارکن پیش پیش رہے ہیںیہ بات قابل ستائش ہے کہ پارٹی کے کارکن صوبے کے طول و عرض میں نہ صرف پھیلے ہوئے ہیں بلکہ فعال اور متحرک بھی ہیں
اور حکومت کے عوام دشمن فیصلوں کے خلاف عوام کی بھر پور ترجمانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے مظاہروں میں عوام کی شرکت سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ بلوچستان کے عوام جاگ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کارکن آنے والے دنون میں کوئٹہ،کچلاک سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والے مہنگائی مخالف مظاہروں میں بھر پور شرکت کریں۔