خواتین اور بچوں کو ہراساں کئے جانے کے بارے میں موثر اقدامات اٹھائے جائے گے ، جام کمال

0 116

کوئٹہ( امروز نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان خواتین اور بچوں کو جسمانی طور پر ہراساں کئے جانے کے واقعات کی موثر روک تھام اور خواتین کوتحفظ کی فراہمی کے لئے موثر اقدامات یقینی بنارہی ہے، اس حوالے سے ضروری قانون سازی بھی کی جائے گی جبکہ صوبائی، ڈویژن اور ضلع کی سطح پر ہراسگی کے واقعات کے تدارک کے لئے خصوصی سیل قائم کئے گئے ہیں جن کی نگرانی کے لئے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں بھی سیل قائم کردیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کی متحرک کا رکن ڈاکٹر فوزیہ سعید سے ہونے والے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا، رکن صوبائی اسمبلی مہ جبین شیران، سیکریٹری محکمہ ترقی خواتین سائرہ عطا اور دیگر خواتین بھی اس موقع پر موجود تھیں، ملاقات میں ہراسگی کے واقعات کی روک تھام اور خواتین اور بچوں کو تحفظ کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور قومی ہراسمنٹ ایکٹ کی روشنی میں بلوچستان میں بھی ہراسگی کے واقعات کے خلاف موثر لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہراسگی ایکٹ میں شامل مختلف شقوں پر بلوچستان میں عملدرآمد کیا جارہا ہے اور بلوچستان کی روایات کے تحت چادر اور چاردیواری کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے، ڈاکٹر فوزیہ سعید نے ہراسگی کے واقعات کی روک تھام کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان کے سنجیدہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کی بدولت اس وقت بلوچستان کو دیگر صوبوں پر سبقت حاصل ہے، انہوں نے بلوچستان میں خاتون محتسب کی تعیناتی کوبھی اہم پیشرفت قراردیا۔ملاقات میں چیف سیکریٹری بلوچستان کی سربراہی میں بلوچستان واچ کمیٹی کی تشکیل سے اتفاق کیا گیا جو ہراسگی کے خلاف قائم خصوصی سیلوں کی کارکردگی کی نگرانی کے علاوہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے قانونی اقدامات کو یقینی بنائے گی، اس کے علاوہ خصوصی سیلوں میں ہیلپ لائن اور ڈیٹا بیس کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.