ناقص اشیاءخوردونوش تیار و فروخت کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، زمرک اچکزئی

0 95

کوئٹہ(امروز ویب ڈیسک)صوبائی وزیر خوراک انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ ناقص اشیاءخوردونوش تیار و فروخت کرنے والے کسی رعایت کا مستحق نہیں،خوراک کا تعلق براہ راست انسانی صحت سے وابستہ ہے،بحیثیت صوبائی وزیر خوراک میری کوشش ہوگی کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ذریعے عوام کو صحت بخش و ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صنعتی ترقی (UNIDO) کے زیر اہتمام بی ایف اے کے آفیسران کیلئے منعقدہ دو روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب و بی ایف اے موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں صوبائی سیکرٹری خوراک محمد ایاز مندوخیل، ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازئی، یونیڈو پاکستان کے پراونشل ہیڈ احمد اللہ، ٹریننگ ریسورس پرسن و فوڈ انسپیکشن اسپیشلسٹ محمد الطاف نے بھی شرکت کی۔ اختتامی تقریب کے شرکائ سے خطاب میں صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اس وقت پاکستان کی بڑی آبادی ناقص خوراک کھانے پر مجبور ہے نتیجتاً شرح امراض میں اضافے سے ہیلتھ سیکٹر پر بھی بوجھ پڑرہا ہے، عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،

فوڈ سیفٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، صوبائی حکومت بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی، انہوں نے تربیتی ورکشاپ کے انعقاد پر (UNIDO) پاکستان کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ک مزکورہ ٹریننگ سے بی ایف اے حکام کے استعداد کار میں یقینی اضافہ ہوگا، صوبائی سیکرٹری خوراک محمد ایاز مندوخیل نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ UNIDO کی جانب سے ٹریننگ پروگرام کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے، ادارے میں اصلاحاتی عمل کا سلسلہ جاری رہے گا اور ہماری کوشش ہوگی کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی گزرتے وقت کے ساتھ تیزی سے ترقی کرے

اور صوبے بھر میں عوام کو محفوظ و ملاوٹ سے پاک کھانے پینے کی اشیاءمیسر ہوں۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر خوراک نے سیکٹری خوراک کے ہمراہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی دو موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا، اس موقع پر بی ایف اے حکام نے صوبائی وزیر کو موبائل لیبارٹریز کے ذریعہ ممکنہ فوڈ ٹیسٹنگ و طریقہ کار بارے آگاہ کیا، بعدازاں صوبائی وزیر خوراک انجینئر زمرک خان اچکزئی نے تربیتی ورکشاپ کے شرکاءمیں اسناد تقسیم کی کیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.