ترقی کا راز امن میں پوشیدہ ہے، وزیر بلدیات بلوچستان

0 335

سبی(امروز ویب ڈیسک)سینئر صوبائی وزیر بلدیات سردار صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ سبی میلہ تاریخی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو ایک طرف حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کا موثر ذریعہ بھی ہے جبکہ دوسری طرف معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا باعث بھی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں سبی اسٹیڈیم میں سبی کے سالانہ میلہ مویشیاں واسپاں کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی وزراءاور مشیران حاجی محمد خان لہڑی ، ملک محمد نعیم بازئی ، میر نصیب اللہ مری ، میر ضیاءلانگو ،

سردار زادہ میر کوہیار خان ڈومکی ، اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈوکیٹ ،ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا ، سیکریٹری امور حیوانات محمد طیب لہڑی سیکرٹری جنگلات دوستین خان جمالدینی ،کمشنر سبی ڈویڑن بالاچ عزیز، ڈپٹی کمشنر سبی سید زاہد شاہ ، ایس ایس پی سبی دوستین دشتی سول و فوجی اعلی حکام سمیت قبائلی عمائدین کی کثیر تعداد موجود تھی سینئر صوبائی وزیر سردار صالح بھوتانی نے کہا کہ مالداری اور زراعت صوبہ کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں سبی میلے کے توسط سے مالداری اور زراعت کے شعبوں کی خصوصی نمائندگی ہوتی ہے

ان شعبوں کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے ان شعبوں کی جانب خصوصی توجہ مرکوز کی ہے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی بہتر حکمت عملی کی وجہ سے بلوچستان کو اس کے حصے کا پورا 700 کیوسک پانی مل رہا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے عوام کی تکالیف کو مد نظر رکھتے ہوئے غیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کر دیا ہے علاوہ ازیں ان تمام دھرنوں اور احتجاجی تحریک کو بات چیت کے ذریعے ختم کرایا جو ہمیں ورثہ میں ملے تھے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بے روزگاری کے خاتمے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں خالی اسامیوں کو مشتہر کیا جا رہا ہے اور ان اسامیوں پر تعیناتی کے لیے ایک جامع پالیسی مرتب کی گئی ہے

جس کے تحت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کےلئے میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ 2002 کے بعد پہلی مرتبہ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ڈی ایس پیز کی 45 آسامیوں پر بھرتی کی جارہی ہے جب کی کمیشن کے ذریعہ سیکشن افسران اور اسسٹنٹ کمشنرز تحصیلداروں اور نائب تحصیلدار و کی بھرتی کا بھی آغاز کردیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں چاکر خان یونیورسٹی سبی کے قیام کا اعلان کیا تھا اور اللہ کے فضل سے آج یونیورسٹی میں تعلیمی عمل جاری ہے اس موقع پر انہوں نے چاکر خان یونیورسٹی کے لیے بس کی فراہمی کا بھی اعلان کیا انہوں نے کہا کہ ترقی کا راز امن میں پوشیدہ ہے ہماری حکومت امن و امان کی بہتری کیلئے موثر اقدامات اٹھائے خصوصا ہماری فورسز نے امن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا

انہوں نے اس تقریب کے توسط سے نوجوانوں کو اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایک خوشحال مستقبل ان کا منتظر ہے ہمیں یقین ہے کہ نوجوان ملک دشمن عناصر کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے اور اپنی تمام تر توجہ حصول علم کی جانب مرکوز رکھیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہم سب کا گھر ہے ہم سب متحد ہوکر ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں انہوں نے سبی شہر کے سکولوں کی تعمیر و مرمت اور لازمی سہولیات کی فراہمی کے لئے دو کروڑ روپے سبی شہر کے اندرونی سڑکوں اور زیر زمین نالیوں کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ ، ڈویژنل پبلک اسکول سبی کی تعمیر و مرمت کیلئے دو کروڑ روپے اور بس کی فراہمی ، سبی شہر میں پانی کی قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے فیز 3 کی تعمیر کے لیے تین کروڑ روپے

، تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال لہڑی کی تعمیر تین کروڑ ، آر ایچ سی کٹ منڈائی کی تعمیر کے لیے دو کروڑ روپے جبکہ تین عدد ایمبولینس کی فراہمی کا بھی اعلان کیا انہوں نے مختلف اسکولوں کے طلباءوطالبات اور دیگر جنہوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ان کے لئے بھی لاکھوں روپے دینے کا اعلان کیا انہوں نے بالاناڑی بیلوں جو مقابلوں میں پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن پر آئیں گے ان کے لیے بھی 10 لاکھ کا اعلان کیا قبل ازیں کمشنر سبی ڈویڑن بالاچ عزیز نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے انہوں نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا

انھوں نے ضلع سبی میں متعدد درپیش مسائل کے حوالے سے مہمان خصوصی کو تفصیلی آگاہ کیا سیکرٹری امور حیوانات سیکرٹری جنگلات دوستین خان جمالدینی اور کمشنر سبی بالاچ عزیز نے مہمان خصوصی سینئر صوبائی وزیر بلدیات سردار صالح بھوتانی صوبائی وزرا مشیران اور چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کو روایتی پگڑی پہنائی آخر میں معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈ اور سوینئر پیش کیا گیا سبی میلہ کی مناسبت سے مختلف آیٹم پیش کیے گئے جن میں گھوڑا دوڑ ، ٹیبلو، نیزہ بازی ، گھوڑے کا رقص، چاپ اور اتن شامل تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.