قومی سلامتی کا ان کیمرہ اجلاس آج ہوگا

0 201

پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا ان کیمرہ اجلاس آج بروز منگل 5 جولائی کو ہوگا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے اس ضمن میں جاری ایک نوٹس اور ایجنڈے کے مطابق اجلاس کی صدارت اسپیکر راجا پرویز اشرف بطور کمیٹی چیئرمین کریں گے جس میں شرکت کے لیے 125 افراد کو دعوت دی گئی ہے۔

پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کمیٹی کا چھٹا اور اہم ترین اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت سہ پہر تین بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔

اجلاس میں تینوں سروسز چیفس، آئی ایس آئی کے سربراہ سمیت دیگر اداروں کے سربراہ بھی شرکت کریں گے۔ اہم اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا، سینیٹ و قومی اسمبلی کی دفاعی قائمہ کمیٹی کے ارکان بھی شریک ہونگے۔

اجلاس میں عسکری حکام کی جانب سے شرکا کو قومی سلامتی کے امور پر بریفنگ دی جائے گی۔ یہ اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس میں افغانستان کے معاملات اور تحریک طالبان پاکستان سمیت دیگر اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔

اجلاس میں ملکی مجموعی قومی سلامتی کی صورت حال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی جائیگی۔ کمیٹی کے اجلاس کے لئے خصوصی طور پر فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

کمیٹی کے اس اجلاس کے لئے سیکیورٹی کے خاص طور پر انتظامات کئے گئے ہیں۔

اجلاس کے دوران پارلیمنٹ میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند ہوگا، جب کہ میڈیا نمائندوں کو بھی ان کیمرہ اجلاس کے باعث داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ میڈیا نمائندوں کو پارلیمنٹ کے گیٹ نمبر 1 پر قائم میڈیا سینٹر تک آنے کی اجازت ہوگی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ آج ہونے والے اجلاس میں 4 غیر منتخب سیاستدانوں اور 13 اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کو بھی شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کو آج ہونے والے اسپیشل پارلیمانی سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی، یہ اجلاس قومی اسمبلی میں ہوگا۔ عمران خان اس کمیٹی کے رکن نہیں کیونکہ انہوں نے اپنی پارٹی کا سربراہ کا اعلان نہیں کیا ہے۔

اجلاس میں 62 افراد کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے جس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی اور نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ بھی شامل ہیں حالانکہ نہ وہ پارلیمان کے رکن ہیں اور اس وجہ سے کسی حلف کے پابند نہیں۔

سینیٹر یوسف رضا گیلانی ، محس داوڑ، خالد مقبول صدیقی ، آصف زرداری کو اجلاس میں خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے 108 اراکین کو بھی بریفنگ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

چار سابق وزرائے اعلیٰ، آزاد کشمیر کے صدر و وزیراعلیٰ، گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ اور سابق سفیر محمد صادق بھی خصوصی طور پر مدعو کیے گئے افراد میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بجٹ پر بحث کے دوران اراکین قومی اسمبلی نے 20 جون کو ایک قرار داد منظور کی تھی جس میں اسپیکر کو اسمبلی کا ہال پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.