مسجد نبویؐ کی توہین کے واقعے پردرج مقدمات،سیکریٹری داخلہ کوآخری مہلت

0 135

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسجد نبویؐ کی توہین کے واقعے پر درج مقدمات کی تفصیل طلب کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ کو رپورٹ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کسی کو غیر ضروری ہراساں نہ کیا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں مسجد نبویؐ واقعے پر درج مقدمات کی سماعت ہوئی۔ شیخ رشید اور فواد چوہدری سمیت دیگر پر درج مقدمات کے خلاف درخواستوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔

آج ہونے والی سماعت میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ لوگوں کو غیر ضروری طور پر ہراساں نہ کیا جائے، وہ کام نہ کریں جو ہمیشہ سے ہوتے رہے ہیں۔

درخواستوں کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر کے وکیل نے بتایا کہ 25 مئی کو آزادی مارچ پر بھی پورے ملک میں مقدمات درج کیے گئے، ہمیں ان سب مقدمات کا بھی ریکارڈ چاہیے۔

چیف جسٹس اسلام آباد اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ یہ عدالت صرف اسلام آباد کی حد تک حکم دے سکتی ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے وکیل نے اپنے دلائل میں بتایا کہ گھر پر کئی بار چھاپے مارے گئے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ بلا وجہ لوگوں کے خلاف مقدمات درج کرنا اچھی بات نہیں ہے۔ انہوں نے درخواست گزاروں کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دے دیا اور کیس کی سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

قبل ازیں غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریک انصاف کی سینیر قیادت اور مقتدر حلقوں کے درمیان رابطہ ہوا ہے جس کا نتیجہ ابھی سامنے نہیں آیا لیکن جلد بہتری آئے گی۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے عرب ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان سمیت کوئی بندہ فوج کیساتھ لڑنا نہیں چاہتا جو غلط فہمیاں جنم لے رہی ہیں ان کو ختم کرنا چاہیے، اگر عمران خان کہتے تو میں فوج اور ان کے درمیان صلح کے لئے کردار ادا کرتا مگر انہوں نے مجھے کہا کہ آپ نے اس مسئلے میں نیہں آنا۔

انہوں نے کہا کہ فوج ہماری ہے، عمران خان فوج اور عدلیہ سے محاذ آرائی نہیں چاہتے لیکن محاذ آرائی ختم نہیں ہورہی جس کی وجہ شہباز گل سمیت کچھ ایشوز ہیں، اسٹیبلشمنت اپنے طریقہ کار سے سوچتی ہے اور سول حکومت اپنے طریقہ کار سے سوچتی ہے اس میں ایک درمیانی راستہ نکل آتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے مستقبل کے حوالے سے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ عمران خان نہ تو مائنس ہوں گے نہ نااہل ہوں گے اور نہ ہی جیل جائیں گے بلکہ ان کے معاملات ٹھیک ہوجائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.