عمران خان کس حالت میں کیا کہہ جاتا ہے اسے یاد نہیں رہتا،خواجہ آصف
وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان کس حالت میں ہوتا ہے اور کیا کہہ جاتا ہے اسے خود یاد نہیں رہتا۔
نمائدہ خصوصی سماء سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کل کہا ہے کہ میرے قتل کی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی، اس آدمی کو یہ پتہ ہی نہیں کہ وہ کہتا کیا ہے اگر کچھ لوگ اسکی بات پر اعتبار کرنے کو تیار ہیں تو یہ انکا معاملہ ہے۔
عمران خان کی جانب سے مبینہ امریکی سازش پر بیان تبدیل کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان ہر چیز سے مکر جاتا ہے، گزشتہ 4 سال سے کتنی باتیں کیں کسی بات پر عمران خان کھڑا رہا ہے؟
آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق وزیردفاع کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ نہیں ہوا، آرمی چیف تعیناتی پر مشورہ وزیر اعظم کی صوابدید ہے، وزیر اعظم ہی آرمی چیف تعیناتی کا فیصلہ کریں گے۔
آرمی چیف تعیناتی کے معاملے پر وزیراعظم کی نوازشریف سے متعلق مشاورت کے خبروں پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ابھی تک آرمی چیف تعیناتی پر مشاورت نہیں ہوئی یہ ہوائی خبریں ہیں۔
عمران خان نے سازش والا بیانیہ دفن کردیا
دوسری جانب قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی زندگی یوٹرن سے بھرپور ہے، عمران خان نےآئینی عمل کو سازش کانام دیا، وقت آگیا ہے تمہارے جھوٹ کی وجہ سے تم پر ہاتھ پڑنا چاہئے۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جھوٹے سیاسی بیانیے کی قیمت ادا کرنی پڑے گی، ساڑھے3 سال کرپشن کی ایک لمبی داستان ہے ، باہر سے ملنے والی گھڑیاں رکھ کراس کی جگہ نقلی رکھ دی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ڈی جی آئی ایس آئی سے کہا تمام مخالفین کو بندکردو ، ابھی تو عمران خان کیخلاف بہت کچھ آنے والا ہے، عمران خان نے کابینہ میں لفافہ لہرا کر کہا اسکی منظوری دے دیں، عمران نے اپنی اہلیہ اور فرح گوگی کے ساتھ ملکر ٹرسٹ بنایا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جو لوگ عمران خان کو فنانس کررہےہیں انکی تفصیلات بھی دے سکتاہوں، عمران خان نے امپورٹڈ حکومت اور سازش والا بیانیہ دفن کردیا۔