جدید ریاستیں عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرتی ہیں، ہاشم نوتیزئی
دالبندین(امروز ویب ڈیسک)بی این پی کے مرکزی رہنما ممبر قومی اسمبلی حاجی میر ہاشم نوتیزئی نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ جدید ریاستیں عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرتی ہیں مگر بلوچستان میں لوگ انصاف کے حصول کے لیے مختلف تکالیف جھیل رہے ہیں
انہوں نے کہا کہ رخشان ڈویژن میں انصاف کی حصول کو آسان بنانے اور مختلف شہروں میں جوڈیشل آفیسران سول ججز کی تعیناتی اور ہائی کورٹ بنچ کی منظوری اشد ضروری ہیں تاکہ سائلین کو اپنے مقدمات کی پیروی کے لیے آسانی ہو۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سال سے نوکنڈی ماشکیل اور تفتان میں جوڈیشل آفیسران کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے عوام اور عدلیہ دونوں کو مشکلات کا سامنا ہے
۔ انہوں نے کہا کہ رخشان کا بلوچستان کے بڑے ڈویژنوں میں شمار ہوتا ہے مگر یہاں پر ہائی کورٹ کا بنچ نہ ہونے کی وجہ سے شہری اپنے آئینی و قانونی جنگ لڑنے سے محروم ہو رہے ہیں. ضلع چاغی اور واشک کے اہم تحصیلوں کے عدالتوں میں مستقل طور پر ججز کی تعیناتی نہ ہونا انصاف کے دروازے بند کرنے کے مترادف ہے
۔ انہوں نے چیف جسٹس اور ہائی کورٹ بار سے مطالبہ کیا ہے کہ رخشان ڈویژن میں ہائی کورٹ کی بنچ کی منظوری کی جائے اور عدالتوں میں سائلین کو انصاف کی فوری فراہمی کے لیے آفیسران کی جلد تعیناتی کی جائے تاکہ لوگوں کا ریاست پر اعتماد برقرار رہے۔