ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کوئٹہ شہر کا دورہ کرکے صفائی مہم کا جائزہ لیا

0 139

کوئٹہ(این این آئی) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا شہر کے مختلف وارڈز کا دورہ، ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میر فاروق لانگو کے ہمراہ صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ کواری روڈ سمیت مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال اور تجاوزات کا نوٹس لے کر شہر میں فوری صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت دی۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے آج بروز ہفتہ ایڈمنسٹریٹر فاروق لانگو کے ہمراہ شہر کا دورہ کیا اور مختلف علاقوں میں پڑے کچرے کی صورتحال اور تجاوزات کی بھرمار پر برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت دی کہ شہر سے جلد از جلد کچرہ اٹھاکر صفائی کی صورتحال کو بہتر اور تجاوزات کی خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔ آٹھ آٹھ گھنٹے کی تین شفٹوں میں شہر کی صفائی یقینی بنائی جائے۔ قاسم سوری نے کہا کہ عوام نے اس لئے ووٹ نہیں دیا کہ ہم خواب خرگوش سوجائیں یہ ہمارا فرض بنتا ہے کہ عوام کی مشکلات کو حل کرکے آسانیاں پیدا کی جائے۔ کچرے اور تجاوزات کے خلاف اخبارات میں آگاہی مہم چلائیں۔ شہر میں کچرہ دان کے علاوہ کچرا پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کچرہ دان رکھے جائے ۔ انہوںنے کہا کہ عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کررہے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ملک میں نئی تاریخ رقم کررہی ہے ہم نہ خود کرپشن کررہے ہیں نہ کسی کو کرنے دینگے اور سابقہ ادوار میں عوام کے جیب کاٹنے والے حکمرانوں کا حساب ہر صورت میں لیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ کوئٹہ میرا شہر ہے ایک زمانے میں اس کو لٹل پیرس کہتے تھے اب شہر کی حالات دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے۔ ماضی میں شہر کی خوبصورتی کی بحالی اور عوام کو سہولتیں دینے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اربوں روپے کی ترقیاتی بجٹ کرپشن کی نظر ہوئی موجودہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور صوبے میں ہماری اتحادی حکومت بھی جام کمال خان کی سربراہی میں صوبے کے عوام کے ساتھ مخلص ہے۔ ہم سب مل کر پورے صوبے سمیت کوئٹہ میں ترقیاتی کاموں کے جال بچائیں گے۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن اور جذبہ ہے کہ ماضی میں جو علاقے پسماندہ رہ گئے ہیں ان پر خاص توجہ دینگے اور انشاء اللہ اس جذبے کے ثمرات جلد عوام کو مل جائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ جب ہمیں حکومت ملی تو خزانہ بالکل خالی پڑا تھا اب ہماری حکومت دن رات ایک کرکے معیشت پر خاص توجہ دے رہی ہے۔ دوست ممالک نے وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کرکے ہمیں اربوں روپے کی امداد دی جس سے مشکلات کافی حد تک حل ہوئی۔ انہوںنے کہا کہ ستر سال کے مشکلات چند مہینوں میں ٹھیک نہیں ہوسکتے اس پر وقت لگے گا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے چند مہینوں میں جو اقدامات اٹھائی ہے ان کا فائدہ بھی جلد عوام کو مل جائے گا۔ وزیراعظم ہیلتھ کارڈ بھی جلد بلوچستان میں لانچ کیا جائے گا جس میں مریض سات لاکھ بیس ہزار تک مفت علاج کرسکتا ہے اور بھی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ایسے پروگرام زیر غور ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کو اسی وجہ سے امداد نہیں دی جاتی تھی کہ اس پر اعتبار اور بھروسہ نہیں تھا اور امداد میں دی جانے والے پیسے کرپشن کی نظر ہوتے۔ تحریک انصاف کی حکومت میں ایسا نہیں ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ بلوچستان میں خشک سالی سے متاثرہ اضلاع اور کم ترقی یافتہ علاقوں پر بھی ہماری حکومت توجہ دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ وزراء اور وزیراعظم سے بھی ملاقات کروں گا تاکہ بلوچستان ماضی میں جتنا عدم توجہی کا نظر ہوا ہے آئندہ نہ ہو۔ ڈپٹی اسپیکر کے حکم پر گرلز اسکول اینڈ کالج کواری روڈ پر قائم غیر قانونی کچرہ دان کو بھی فوری ہٹایا گیا ۔ دورے کے دوران لیبر کالونی میں زیرتعمیر عمارت سے ٹریفک بلاک کا بھی فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر نے تعمیراتی میٹریل کو فوری ہٹانے اور جرمانے کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں ۔ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ کا بھی دورہ کیا۔ جہاں وہ ہسپتال کے مختلف وارڈز، آپریشن تھیٹر ، او پی ڈی گئے اور مریضوں کودستیاب طبی سہولتوں اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹرسلیم ابڑو نے مریضوں کے علاج ، ہسپتال میں سرجری کی سہولتوں اور درپیش مشکلات کے بارے میں ڈپٹی اسپیکر کو تفصیلی بریفنگ دی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.