ممبئی پولیس نے سُپر اسٹار سلمان خان کی سکیورٹی میں مزید اضافہ کر دیا
ممبئی: پولیس کی جانب سے بالی ووڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان کی سکیورٹی میں مزید اضافہ کر دیا گیا۔
دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے معاملے پر خدشات کے پیشِ نظر ایک مرتبہ پھر سلمان خان کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
سلمان خان کو اب تک ممبئی پولیس نے پولیس تحفظ فراہم کیا تھا تاہم اب اداکار کو سکیورٹی کور دیا جائے گا اس کا مطلب ہے کہ اُن کے ساتھ ہر وقت چار مسلح سکیورٹی اہلکار موجود ہوں گے۔
یاد رہے کہ سلمان اور ان کے والد سلیم خان کورواں سال جون میں لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا جس میں سلمان اور سلیم کو ’موسے والا‘ جیسا حال کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔
ممبئی پولیس نے لارنس بشنوئی کے گینگ سے متعدد غنڈوں کو گرفتار کیا تھا، جنہوں نے سلمان خان کو دو مرتبہ قتل کا نشانہ بنانے کا اعتراف بھی کیا تھا تاہم وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔
سدھو موسے والا پنجابی گلوکار تھے جنہیں اس سال کے شروع میں پنجاب میں قتل کر دیا گیا تھا۔ ممبئی پولیس نے سدھو کے قتل میں ملوث لارنس بشنوئی کے گینگ سے متعدد غنڈوں کو گرفتار کیا تھا، جن میں سے کئی نے سلمان کو نشانہ بنانے کا اعتراف بھی کیا تھا۔
علاوہ ازیں بالی ووڈ نگری کے دو مشہور اداکار اکشے کمار اور انوپم کھیر کو بھی اب ممبئی پولیس کی جانب سے سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔